خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے روسی صدر ولادی میر پوتن کا استقبال کیا ہے۔ ریاض کے قصر الیمامہ میں روسی صدرکی آمد پر شایان شان استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی ہے۔
روسی صدر پوتن کے اعزاز میں دیے جانے والے استقبالیہ تقریب میں ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان بھی موجود تھے۔

شاہ سلمان نے روسی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیا جس کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ ’روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں اضافے کے خواہاں ہیں‘۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے روسی صدر کو سعودی عرب میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا ہے کہ ’ہمیں امید ہے کہ آپ کا دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں مزید استحکام کا باعث ہوگا‘۔

دوسری طرف روسی صدر ولادی میر پوتن نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ ’دونوں ملکوں کے درمیان 90 سال سے دوستانہ تعلقات ہیں جنہیں مزید مستحکم کرنا چاہتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب اور روس کے درمیان دو طرفہ تجارتی تعلقات میں 15 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔
بعد ازاں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور روسی صدر ولادی میر پوتن کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

اس موقع پر ولی عہد و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان، شاہی خاندان کے افراد اور وزراء کے علاوہ روسی صدر کے ہمراہ وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر روسی صدر کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ جہاز کی سیڑھیوں پر گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر نے استقبال کیا۔
الرئيس الروسي فلاديمير بوتين يصل إلى الرياض في زيارة رسمية ، وفي مقدمة مستقبليه أمير #الرياض الأمير فيصل بن بندر #بوتين_في_الرياض pic.twitter.com/oZT5jvLagQ
— إمارة منطقة الرياض (@emara_riyadh) October 14, 2019
العربیہ نیٹ کے مطابق روس اور سعودی عرب کے درمیان تین ارب ڈالر کے 20 معاہدوں کی منظوری دی گئی ہے۔
روسی سرمایہ کاری فنڈ کے سی ای او کیرل دیمتروف نے بتایا ہے کہ آرامکو اور رشین پٹروکیمیکل کے درمیان مختلف نوعیت کے معاہدے بھی ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ’ دونوں ملکوں کے درمیان طیاروں کی لیز کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری ہوگی۔ زرعی شعبے میں دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا‘۔

دریں اثنا روس میں سعودی عرب کے سفیر رائد بن خالد قرملی نے کہا ہے کہ ’صدر پوتن کا دورہ سعودی عرب اور روس کے مابین مستحکم اور مضبوط تعلقات کی سمت ایک اور اہم قدم ہے‘۔
ٹوئٹر صارفین کیا کہتے ہیں:
روسی صدر کی ریاض آمد پر ٹوئٹر صارفین نے بھی خوشی اظہار کرتے ہوئے ’’پوتن ریاض میں‘‘ ہیش ٹیگ جاری کیا جو دیکھتے ہی دیکھتے ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
