ماں کی توہین پر بیٹے کو ایک ماہ کی جیل
منگل 15 اکتوبر 2019 17:01
والدہ کی توہین کرنے اور گھر سے نکالنے کی دھمکیاں دینے پر متحدہ عرب امارات کی ریاست فجیرہ کی عدالت نے خلیجی ملک کے شخص کو ایک ماہ کے لیے جیل کی سزا سنا دی ۔
عدالت نے جس شخص کو جیل بھیجا ہے اس پر یہ الزام بھی تھا کہ وہ اپنی والدہ کو گستاخانہ الفاظ کے ساتھ بار بار گھر سے نکل کر ’نائٹ کلب‘ میں جاکر ڈانس کرنے کے طعنے دیتا تھا۔
خلیج ٹائمزکے مطابق فجیرہ کی عدالت میں نافرمان بیٹے کی والدہ نے بیٹے پر کم سے کم 50 ہزار درہم جرمانہ عائد کرنے کی بھی درخواست دائر کی تھی۔
بیٹے نے عدالت میں پیش ہوکر ماں کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کیا اور دعویٰ کیا کہ اس نے والدہ کی نافرمانی نہیں کی۔ انہوں نے میرے خلاف کیس صرف اس وجہ سے دائر کیا ہے کہ میں اپنے والد کی طرفداری کر رہا ہوں۔
بیٹے نے بتایا کہ اس کے والد ین کے مابین آپسی جھگڑے کے حوالے سے ایک کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور وہ اس کیس میں اپنے والد کی حمایت کرتے ہیں۔
بیٹے کے مطابق ماں نے ان پر جھوٹا الزام لگایا کیونکہ وہ نہیں چاہتیں کہ میں طلاق کے کیس میں اپنے والد کی حمایت کروں۔
بیٹے کے خلاف مقدمہ دائر کرنے والی خاتون کے مطابق بیٹا ان سے گھر سے نکل جانے کی دھمکیاں دینے سمیت انہیں ’نائٹ کلب‘ میں جاکر ڈانس کرنے کے طعنے دیتا ہے۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق سزا پانے والے شخص اور اس کی والدہ کی شہریت خلیجی ملک کی ہے اور عدالت نے بیٹے کو والدہ کی تذلیل کرنے کا مجرم قرار دیتے ہوئے اسے ایک ماہ تک جیل بھیج دیا۔
والدہ کے وکیل نے عدالت سے یہ درخواست بھی دی ہے کہ نافرمان بیٹے پر 50 ہزار درہم کا جرمانہ بھی عائد کیا جائے۔