امیر کویت صحت یابی کے بعد وطن واپس
شیخ صباح جنوری 2006 سے کویت کے حکمران ہیں، فوٹو: کویت نیوز ایجنسی
کویت کے حکمران شیخ صباح الاحمد الصباح مکمل طبی معائنے اور صحت یابی کے بعد امریکہ سے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ کویت کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق 90 سالہ کویتی حکمران کی طبعیت اگست سے ناساز تھی۔
شیخ صباح الاحمد الصباح جنوری 2006 سے کویت کے حکمران ہیں۔ امیر کویت شیخ صباح الاحمد الصباح کی 12ستمبر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے طے شدہ ملاقات سے چند دن قبل امریکہ کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
طبیعت کی خرابی کے باعث یہ ملاقات ملتوی کر دی گئی تھی، ملاقات کے لیے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
سرکاری میڈیا کی جانب سے18 اگست کو بتایا گیا تھا کہ امیر کویت کی طبعیت ناساز ہے جس کے بعد مزید کوئی وضاحت نہیں کی گئی تھی اور امیر کویت کی صحت سے متعلق کوئی خبر بھی جاری نہیں کی گئی۔
انہیں ایک ہفتہ قبل صحت مند حالت میں نماز کی ادائیگی کرتے دیکھا گیا تھا۔ اب طبی معائنے کی تمام رپورٹیں مثبت آنے کے بعد امیر کویت واپس وطن پہنچ گئے ہیں۔
شیخ صباح الاحمد الاصباح کو 2000 میں پیس میکر لگایا گیا تھا جبکہ امریکہ میں اگست 2007 میں ان کی ایک کامیاب سرجری بھی ہو چکی ہے۔
کویت کی خبروں کے لیے ”اردو نیوزکویت“ گروپ جوائن کریں