گیلکسی ایس 10 موبائل فون کا لاک کسی بھی غیر رجسٹرد شخص کے فنگر پرنٹس سے کھل جاتا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
سام سنگ موبائل فون کے گیلکسی ایس 10 ماڈل میں فنگر پرنٹ کے نظام میں خرابی کو جلد ٹھیک کر دیا جائے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سام سنگ کے گیلکسی ایس 10 ماڈل میں بہت بڑی سکیورٹی خرابی ہے کہ فون کا لاک کسی کے بھی فنگر پرنٹ سے کھل سکتا ہے۔
سام سنگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی جلد اس مسئلے کو حل کرے گی۔
کمپنی کے ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ مسئلے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور سافٹ ویئر میں تکنیکی خرابی کو دور کیا جائے گا۔
سام سنگ کے ایک صارف کا کہنا تھا کہ ان کے گیلکسی ایس 10 موبائل فون کا لاک کسی بھی غیر رجسٹرد شخص کے فنگر پرنٹس سے کھل جاتا ہے۔
’اس کا مطلب ہے کہ اگر کسی کو بھی میرے فون تک رسائی ہو تو وہ چند لمحوں میں فون میں ڈاؤن لوڈ ہوئی بینک ایپس استعمال کر کے فنڈز ٹرانسفر کر سکتا ہے۔‘
اس سے قبل، دنیا کی سب سے بڑی سمارٹ فون بنانے والی کمپنی سام سنگ نے گیلکسی ایس 10 ماڈل لانچ کرتے ہوئے فون کے فنگر پرنٹ جانچنے والے سینسر کو ’انقلابی‘ قرار دیا تھا۔
کمپنی نے فنگر پرنٹ ٹیکنالوجی کے بارے میں کہا تھا کہ جب سکرین پر انگوٹھا رکھا جاتا ہے، تو یہ ہر انگوٹھے کی منفرد لکیریں جانچ کر رجسٹرڈ صارف کو جلد پہچان لیتا ہے۔
جنوبی کوریا کے کاکاؤ بینک نے اپنے صارفین کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سام سنگ کی فنگر پرنٹ ٹیکنالاجی کی خرابی دور ہونے تک وہ بینک اکاؤنٹ تک رسائی کے لیے اپنے پاس ورڈ کا استعمال کریں۔
واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی مستحکم معیشت میں سام سنگ کا بہت اہم کردار ہے اور یہ دنیا کی 11ویں بڑی معیشت ہے۔
ماضی میں بھی سام سنگ ایسے فون مارکیٹ میں لایا تھا جو بعد میں کسی نہ کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے بند کرنا پڑے تھے۔ 2016 میں لانچ ہونے والا گیلکسی نوٹ 7 کی بیٹری پھٹنے کے بیشتر واقعات پیش آئے تھے۔
اسی طرح سام سانگ کا گذشتہ ماہ ستمبر میں لانچ ہونے والا ’گیلیکسی فولڈ‘ بھی سکرین کے مسائل کے باعث تاخیر سے مارکیٹ میں لایا گیا تھا۔