مظاہرین حکام کی بدعنوانیوں سے تنگ آکر سڑکوں پر نکل آئے . فوٹو ۔ اے ایف پی
لبنان میں سعودی عرب کے سفیر ولید عبداللہ بخاری کا کہنا ہے کہ اب تک 2088 سعودیوں کو وطن منتقل کیاجاچکا ہے۔ گزشتہ 2 ہفتوں سے لبنان میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد سے یہاں مقیم سعودی شہریوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ وطن جانے کے لیے سفارتخانے سے رابطہ کریں تاکہ انہیں محفوظ طریقے سے بھجوایا جاسکے ۔
سعودی سفیر نے سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ـ" لبنان میں مقیم عام شہریو ںکے علاوہ مختلف جامعات اور تعلیمی اداروںہ میں موجود 250 طلباء نے بھی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے انہیںبھی جلد ہی وطن روانہ کیاجائے گا "
اس ضمن میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ لبنان کے مختلف شہروں میں مقیم وہ سعودی جو وطن جانا چاہتے ہیں فوری طور پر سفارتخانے سے رابطہ کریں تاکہ انہیں جلد از جلد سعودی عرب روانہ کیاجاسکے ۔
سعودی سفارت خانے کی جانب سے ٹویٹر پر اپنے شہریوں کو جاری ہدایات نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ وہ مظاہروں کے مقامات سے دور رہیں تاکہ کسی قسم کی مشکل صورت حال میں مبتلا نہ ہوں ۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ لبنان میں مقیم شہریوں کو اس وقت تک سفارتخانے کی جانب سے قیام و طعام ، نقل و حمل کی تمام سہولتیں بھی مہیا کی جارہی ہیں جب تک انکے سفر کا بندوبست مکمل نہیں ہو جاتا ۔
واضح رہے لبنان میں گزشتہ 2ہفتوں سے حکومت مخالف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جن میں مرد وخواتین بڑی تعداد میں شریک ہیں ۔
مظاہرین سرکاری حکام کی بدعنوانیوں اور ٹیکسوں کی بڑھتی ہوئی شرح سے تنگ آکر بالاخر سڑکوں پر نکل آئے ہیں اور انکا مطالبہ ہے کہ حکومت برخاست کی جائے ۔
مظاہروں کے شرکاء کا کہنا ہے کہ لبنان میں سیاسی نظام میں اصلاحات لانے کی اشد ضرورت ہے اس کے لیے لازمی ہے کہ حکمران مستعفی ہوں۔
دریں اثناء لبنانی صدر میشیل عون نے اپنے ایک خطاب میں کہا تھا کہ وہ اس طرح اپنا منصب نہیں چھوڑیں گے ۔
صدر نے قوم کے نام خطاب میں مزید کہا " مظاہروں سے راتوں رات حکومت تبدیل نہیں کی جاسکتی ، یہ عمل آئینی اصلاحات کے ذریعے ہی ممکن ہے "۔
اطلاعات کے مطابق لبنان میں ملکی سطح پر تقریبا تمام اہم شاہراہیں مکمل طور پر بند ہیں ، دار الحکومت بیرو ت کی مرکزی شاہراہ پر مظاہرین نے ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں جبکہ بعض مقامات پر حکومت نے فوج کو بھی تعینات کر دیا ہے تاکہ کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہو۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں