کنگ سلمان کمپلیکس برائے حدیث ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم
کنگ سلمان کمپلیکس برائے حدیث ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم
جمعہ 8 نومبر 2019 19:50
شہزادہ محمد بن سلمان کو کنگ سلمان کمپلیکس سے متعلق خصوصی رپورٹ پیش کی گئی تھی
ولی عہد نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کنگ سلمان کمپلیکس برائے اشاعت حدیث ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے یہ حکم کنگ سلمان کمپلیکس برائے اشاعت حدیث کی اعلیٰ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان کو کنگ سلمان کمپلیکس کی تیاریوں سے متعلق خصوصی رپورٹ پیش کی گئی تھی۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے17اکتوبر 2017 کو کمپلیکس کے قیام کا شاہی فرمان جاری کیا تھا۔ معروف عالم دین شیخ محمد بن حسن آل الشیخ کو اس کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ آل الشیخ سعودی عرب کے ممتاز علماء بورڈ کے رکن ہیں۔
کنگ سلمان کمپلیکس برائے حدیث مدینہ منورہ میں قائم کیا جارہا ہے۔ اس کے لیے ایک علمی کونسل مقرر کی گئی ہے جس کے لیے دنیا بھر سے حدیث اورعلوم حدیث کے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
کمپلیکس برائے حدیث سے پوری دنیا میں سنت مبارکہ کی خدمات کا دائرہ اور معیار دونوں بلند ہوں گے۔ یہ کمپلیکس تمام مکاتب فکر کے ماہرین کا احاطہ کرے گا۔
کنگ سلمان کمپلیکس برائے حدیث سے بڑی توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں جس طرح مدینہ منورہ میں کنگ فہد کمپلیکس برائے قرآن کی خبر کی پذیرائی کی تھی اور اس کی بدولت دنیا بھر میں قرآن پاک اور مختلف زبانوں میں اس کے معیاری، مستند ترجموں اور تفاسیر کے خواب پورے ہوئے اسی طرح کنگ سلمان کمپلیکس برائے اشاعت حدیث سے سنت مبارکہ کی معیاری اور وسیع البنیاد خدمات منظر عام پر آئیں گی۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں