فروری کے اختتام پر 7 سیاروں کا مشاہدہ ممکن ہوگا
’اس فلکی مظاہرے کو ’سیاروں کی پریڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے‘ ( فوٹو: سبق)
ماہ رواں فروری کے آخر میں سات سیارے آسمان کو مزین کریں گے جن میں سے بعض کو کھلی آنکھ سے دیکھا جاسکتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اس فلکی مظاہرے کو ’سیاروں کی پریڈ‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
سیاروں کے جھرمٹ اس وقت وقوع پذیر ہوتے ہیں جب کئی سیارے بیک وقت آسمان میں ایک قطار میں دکھائی دیتے ہیں تاہم وہ بالکل سیدھے نہیں ہوتے بلکہ سورج کے ایک جانب ایک دوسرے کے قریب نظر آتے ہیں۔
سیاروں کی یہ پریڈ عام فلکیاتی مظہر ہے اور یہ ہر سال کم از کم ایک بار وقوع پذیر ہو سکتی ہے اور اس کا انحصار نظر آنے والے سیاروں کی تعداد پر ہوتا ہے۔
ناسا کے مطابق چار یا پانچ سیاروں پر مشتمل ایسا ایک گروپ جو کھلی آنکھ سے دیکھا جا سکتا ہو ہر چند سال میں نمودار ہوتا ہے۔
گزشتہ سال جون میں ایک ایسا ہی مظاہرہ دیکھا گیا لیکن اس میں محض دو سیارے بغیر خصوصی آلات کے دیکھے جا سکتے تھے۔
جنوری میں 6 سیارے نظر آئے جن میں سے چار کھلی آنکھ سے دکھائی دے رہے تھے اور اب مدھم روشنی والا عطارد بھی اس گروپ میں شامل ہو چکا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’زہرہ، مریخ اور مشتری کو کھلی آنکھ سے دیکھا جاسکے گا، زحل اور عطارد کا افق کے قریب ہونے کی وجہ سے مشاہدہ مشکل ہوگا جبکہ یورینس اور نیپچون دور بین سے دکھائی دیں گے‘۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ’فلکیات کے شوقین افراد اس مظاہرے کو دیکھنے کے لیے غروب آفتاب کے بعد کسی صاف اور بادلوں سے خالی آسمان والے مقام پر جا سکتے ہیں‘۔