سعودی عرب اور امریکہ کے اسٹراٹیجک تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فوٹو سبق
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جمعرات کو واشنگٹن میں اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کی ہے۔
سعودی عرب اور امریکہ کے تاریخی اور سٹراٹیجک تعلقات، خطے کے تازہ حالات اورانتہا پسندی و دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شراکت جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان ’داعش کے خلاف اتحاد‘ میں شریک ممالک کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کے لیے واشنگٹن پہنچے ہیں۔ کانفرنس میں 35 ممالک کے وزرا شریک ہیں۔
امریکی دفتر خارجہ کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ کانفرنس کا مقصد عراق اور شام میں داعش کو شکست دینے کے لیے بین الاقوامی مہم جاری رکھنے کے لیے عزم نو کا اظہار ہے۔
کانفرنس میں داعش رہنما ابو بکر البغدادی کی ہلاکت کے تناظر میں گزشتہ ماہ رونما ہونے والی تبدیلیوں، شام کے شمال مشرق میں ترکی کے فوجی آپریشن، شام کے شمال مشرق میں شامی افواج اور روسی افواج کی مداخلت کے حوالے سے بھی بحث ہوگی۔
امریکی دفتر خارجہ کے عہدیدار کے مطابق کانفرنس کے شرکاءسوریا ڈیموکریٹک فورس کے مستقبل پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ فورس داعش کے خلاف عالمی اتحاد کی اہم شریک ہے۔ شام میں امریکی افواج برقرار رکھنے کا موضوع بھی زیر بحث آئے گا۔
امریکی دفتر خارجہ کے عہدیدار نے مزید بتایا کہ پومپیو نے کانفرنس کے آغاز میں شام سے متعلق ورکنگ گروپ کا محدود اجلاس کیا۔ اس گروپ میں سعودی عرب ، اردن ، مصر ، فرانس، برطانیہ، جرمنی اور امریکہ کے وزرائے خارجہ شامل ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں