بائٹ ڈانس کی جانب سے اس نئی ایپ کو تاحال کوئی نام نہیں دیا گیا (فوٹو: روئٹرز)
ویڈیوز کی ڈبنگ کے لیے مشہور سوشل میڈیا اپلیکیشن ٹک ٹاک کی مالک کمپنی رواں سال کے آخر تک ایک نئی میوزک سٹریمنگ ایپ متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق ٹک ٹاک کی مالک چینی کمپنی ’بیجنگ بائٹ ڈانس‘ اس حوالے سے میوزک کی دنیا کے بڑے ناموں بشمول یونیورسل میوزک، سونی میوزک اور وارنر میوزک کے ساتھ بات چیت کر رہی ہے۔
اس بات چیت کا مقصد یہ ہے کہ ٹک ٹاک اپنی ایپ کے لیے نئی میوزک سبسکریپشن حاصل کرتے ہوئے مذکورہ کمپنیوں کے گانے اپنی اپلیکیشن میں شامل کر سکے اور صارفین ان گانوں سے لطف اندوز ہو سکیں۔
فنانشل ٹائمز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک ابتدائی طور پر اپنی میوزک سٹریمنگ اپلیکیشن دنیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹیوں مثلاً انڈیا، انڈونیشیا اور برازیل میں متعارف کرائے گا۔ تاہم مستقبل میں یہ ایپ امریکہ میں بھی متعارف کرائی جائے گی۔
اس ایپ میں صارفین کے پسندیدہ گانوں کے علاوہ ایک ویڈیو لائبریری بھی موجود ہو گی جس میں چھوٹے چھوٹے ویڈیو کلپس رکھے جائیں گے۔ ان ویڈیو کلپس کو صارفین اپنے پسندیدہ گانوں کی ویڈیوز بنانے کے لیے استعمال کر سکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق بائٹ ڈانس کی جانب سے اس نئی ایپ کو تاحال کوئی نام نہیں دیا گیا اور یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ صارفین کو اپلیکیشن کی سبسکریپشن کے لیے کتنے پیسے دینے ہوں گے۔
تاہم توقع کی جا رہی ہے کہ اس ایپ کی سبسکریپشن ماہانہ بنیادوں پر 10 امریکی ڈالرز سے کم میں حاصل کی جا سکے گی۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس ایپ کے حوالے سے بائٹ ڈانس سے مزید معلومات لینے کے لیے رابطہ کیا گیا تاہم مزید معلومات شیئر نہیں کی گئیں۔