Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طائف میں پاکستانی خاتون پر تشدد کرنے والا شخص گرفتار

پہلے خاتون کھڑکی سے سر نکال کر پڑوسیوں کو آوازیں دیا کرتی تھی کہ مجھے بچاؤ (فوٹو: سیدتی)
سعودی عرب میں طائف کی پولیس نے ایک پاکستانی خاتون کی بے دردی سے مار پیٹ والے شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ازخود ملزم کے خلاف کارروائی کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق پولیس ذرائع نے کہا ہے کہ تشدد کا شکار ہونے والی خاتون پاکستانی ہیں اور ان پر تشدد کرنے والا شخص ان کا شوہر ہے جو سکول میں ٹیچر ہے تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ شوہر کی شہریت کیا ہے۔
  • خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں

پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹوئٹر پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کارروائی کی گئی ہے۔ پورے واقعے کی تفتیش مکمل ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔
قبل ازیں طائف میں رہنے والے ایک ٹوئٹر صارف نے سنیچر کو ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں ایک عمارت سے عورت کی چیخنے کی آوازیں آ رہی ہیں۔
ویڈیو شیئر کرنے والے نے لکھا تھا کہ ’جب سے اس محلے میں آئے ہیں روز اس عمارت سے کسی خاتون کے چیخنے کی آوازیں آتی ہیں۔ کوئی اسے بڑی بے دردی سے پیٹتا ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’پہلے خاتون کھڑکی سے پڑوسیوں کو آوازیں دیا کرتی تھی کہ مجھے بچاؤ مگر اب کھڑکی مکمل طور پر بند ہے۔‘
انہوں نے دعوی کیا کہ ’خاتون کا شوہر منشیات کا عادی ہے، کبھی کبھار پڑوسی مدد کے لیے پہنچتے ہیں مگر ایک دو روز کے بعد پھر خاتون کے چیخنے کی آوازیں آتی ہیں۔‘
ویڈیو پر کمنٹ کرتے ہوئے ٹوئٹر صارفین نے غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ پڑوسی اس ظلم پر خاموش ہیں؟ آخر کوئی تو حکومتی اداروں کو اطلاع دے تاکہ اگر واقعی خاتون کو پیٹا جا رہا ہے تو اسے بچایا جائے۔
ایک صارف نے کہا ہے کہ ’ویڈیو شیئر کرنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پولیس کو اطلاع دی جائے۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ویڈیو شیئر کرنے والے کے لیے مصیبت کھڑی ہو جائے گی اگر واقعہ غلط اور بے بنیاد نکلا۔‘
 

شیئر: