Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش

کئی سکولوں میں چھٹی کردی گئی ۔فوٹو: سبق
سعودی عرب میں پیر کو جدہ ،مکہ اور طائف سمیت کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی ہے جس کے بعد نشیبی علاقے اور سڑکیں زیر آب آ گئی ہیں۔
جدہ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب شروع ہونے والی بارش وقفے وقفے سے صبح تک جاری رہی اور بارش کی وجہ سے کئی سکولوں میں چھٹی کر دی گئی۔
سعودی میڈیا کے مطابق پیر کو ہونے والی بارش نے جدہ میں گیارہ برس قبل آنے والے خوفناک سیلاب کی یادیں کسی حد تک تازہ کر دی ہیں۔

جدہ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب شروع ہونے والی بارش صبح تک جاری رہی (فوٹو: سبق)

 سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں مقامی شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ ’بارش کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ سڑکیں زیر آب آنے سے راستے بند ہو گئے جس سے مشکلات کا سمامنا کرنا پڑا۔‘
رابغ، خلیص اور بحرة میں بھی پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوتی رہی۔ نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا اور جگہ جگہ گاڑیاں پھنس گئیں۔

شہری دفاع کے محکمے میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے (فوٹو: سبق)

الدایر بنی مالک کمشنری اور عثوان تحصیل کے قریوں کو جوڑنے والی سڑک چٹانیں گرنے سے بند ہے۔
واضح رہے کہ عثوان روڈ الدایر کمشنری اور عثوان تحصیل کو جوڑنے والا اہم راستہ ہے۔ اس سے آس پاس کی تحصیلیں بھی جڑی ہوئی ہیں۔
جازان ریجن اور اس کی کمشنریوں ابو عریش، احد المسارحہ، الحرث، الدایر، الدرب، الریث، الطوال، العارضہ، العیدابی، بیش، صامطہ، صبیا، ضمد، فرسان، فیفا اور ھروب میں بھی پیر کو دن بھر بارش ہوتی رہی۔

الدایر بنی مالک کمشنری اور عثوان تحصیل کے قریوں کو جوڑنے والی سڑک چٹانیں گرنے سے بند ہے (فوٹو: سبق)

مکہ میں بھی پیر کو گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ دن بھر مطلع ابر آلود رہا۔ مختلف مقامات پر تیز ہواﺅں سے درخت اور سائن بورڈ گر گئے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار اور دیگر مقامات پر درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
مکہ ریجن کی تمام کمشنریوں میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر شہری دفاع کے محکمے میں ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

شیئر: