Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض سیزن میں باکسنگ ٹکٹ 50 ہزار ریال

ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ کا اتنا بڑا مقابلہ سعودی عرب میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے، فوٹو: گیٹی امیج
ریاض سیزن میں ہونے والا درعیہ ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ مقابلہ سعودی عرب میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے۔ عرب نیوز کے مطابق سات دسمبر ہفتے کو ہونے والے اس مقابلے کے لیے دونوں بین الاقوامی باکسرز ریاض پہنچ چکے ہیں اورجیت کے لیے پرعزم ہیں۔ مقابلے کی دلچسپ بات یہ ہے کہ باکسنگ میچ کا وی وی آئی پی ٹکٹ 50 ہزار ریال کا ہے۔

کم قیمت کی ٹکٹ 495 ریال میں فروخت کی جا رہی ہے، فوٹو: عرب نیوز

 تاریخی مقام پر تاریخی باکسنگ مقابلے میں ڈبلیو بی اے ، آئی بی ایف ، ڈبلیو بی او اور آئی بی ایف ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپئن اینڈی رویز جونیئر ’دی ڈسٹرائر‘ اور 2012 اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ 30 سالہ برطانوی باکسر انتھونی جوشوا کے درمیان سخت مقابلہ ہو گا۔
انتھونی جوشوا نے اب تک کے 23 بین الاقوامی مقابلوں میں سے 22 میں فتح حاصل کی ہے۔ میکسیکین امریکن اینڈی رویز جونیئر نے 34 مقابلوں میں سے 33 میں شاندار کامیابی سمیٹی ہے۔

 تاریخی مقام پر تاریخی باکسنگ مقابلہ دیکھنے کے لیے شائقین پُرجوش ہیں، فوٹو: عرب نیوز

ورلڈ ہیوی ویٹ باکسنگ کا اتنا بڑا مقابلہ نہ صرف سعودی عرب بلکہ مشرق وسطیٰ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے، سعودی عرب نے اس مقابلے اور ریاض سیزن کی دیگر سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کے لیے غیر ممالک سے آنے والوں کے لیے خصوصی ویزوں کا انتظام کیا ہے۔ ویب سائٹ پر ویزوں کے حصول کی معلومات دی گئی ہیں۔

درعیہ میں مقابلے کے لیے خوبصورت انداز میں کھلا سٹیڈیم تیار کیا گیا ہے، فوٹو۔ ٹوئٹر

اس مقابلے کے لیے ریاض کے علاقے درعیہ میں خصوصی طور پر خوبصورت انداز میں ایک کھلا سٹیڈیم تیار کیا گیا ہے۔ باکسنگ مقابلوں کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت بھی جاری ہے۔ سب سے کم قیمت کی ٹکٹ 495 ریال میں فروخت کی جا رہی ہے۔

مختلف کیٹیگریز میں ٹکٹوں کی قیمت ۔فوٹو۔ سکرین شاٹ

وی وی آئی پی ٹکٹوں کی قیمت 10 ہزار سے 50 ہزار ریال رکھی گئی ہے، اس کے بعد مختلف کیٹگریز میں ٹکٹوں کی قیمت ساڑھے سات ہزار ریال، 5995 ریال،3995 ریال،2995 ریال،1995ریال، 995 ریال اور 495 ریال رکھی گئی ہے۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: