بارش نے سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ٹیسٹ میچ کا مزہ تو کرکرا کر ڈالا لیکن کھلاڑیوں نے خود کو مصروف رکھنے کے ساتھ ساتھ اپنے شائقین کو بھی محظوظ کیا۔
کوئی کرکٹر گراؤنڈ میں موجود شائقین کے ساتھ سیلفیاں لیتا رہا تو کوئی ان کو آٹوگراف دینے میں مصروف رہا۔
ایسے میں رمیز راجہ نے بھی اپنی خداداد صلاحیتوں سے کرکٹ شائقین کے جوش و جذبے میں جان ڈال دی۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل موسم کی خرابی کے باعث ختم ہوا تو کرکٹ شائقین کا جوش جذبہ بھی کم ہوتا دکھائی دیا۔
سنیچر کو بھی راولپنڈی میں بارش کے باعث میچ تعطل کا شکار رہا۔
ویسے تو جمعے کی صبح راولپنڈی میں بارش رک گئی تھی لیکن آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع ہوا جس کی وجہ سے صرف 5۔2 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا اور امپائرز نے خراب روشنی کے باعث میچ روک دیا۔
اس ساری صورتحال میں سوشل میڈیا صارفین اپنی مایوسی کا اظہار کر ہی رہے تھے کہ سابق کرکٹر رمیز راجہ کی انسٹاگرام پوسٹ نے کرکٹ شائقین کو ایک با ر پھر تازہ دم کر دیا۔
مشہور کرکٹ کمینٹیٹر رمیز راجہ نے سینپ چیٹ کا فلٹر استعمال کرتے ہوئے فلم میگنم فورس کے مشہور کردار انسپکٹر ’ڈرٹی‘ کا ایک ڈائیلاگ دہرایا۔
اس ویڈیو کا لنک رمیز راجا نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پربھی شیئر کیا جس پر کئی صارفین نے اپنے کمینٹس دیے۔
نوجوانوں میں مقبول عام تصاویر شیئر کرنے والی ایپ سنیپ چیٹ دن بدن اپنے صارفین کے لیے منفرد اور دلچسپ فلٹرز متعارف کرواتا رہتا ہے، جسے کئی مشہور اداکار، سیاست دان اور دیگر لوگ بھی اکثر استعمال کرتے نظر آتے ہیں۔
سنیپ چیٹ نامی اس ایپ نے ماضی میں چہرے کی شناخت کا نیا فیچر متعارف کروایا تھا جس کو استعمال کرتے ہوئے رمیز راجہ نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔
سوشل میڈیا صارف حبیب آفریدی نے رمیز راجہ کی وڈیو پر لکھا کہ ’رمیز بھائی پلیز اس فلٹر والی تصویر کو بدل دیں اگر کوئی رات کو دیکھ لے تو ڈر بھی سکتا ہے۔‘
زینرہ خالد نے رمیز راجا کو داد دیتے ہوئے کہا کہ ’آپ کو تو ہالی وڈ میں ہونا چاہیے تھا۔‘
ماہر کرکٹ مظہر ارشد کا کہنا تھا کہ رمیز بھائی اپنے اندر بسنے والے کلنٹ ایسٹ ووڈ کو باہر نکال رہے ہیں۔ فلم میگنم فورس میں مشہور ہالی ووڈ اداکار کلنٹ ایسٹ ووڈ نے انسپکٹر ڈرٹی کا کردار ادا کیا تھا۔
کسی نے رمیز راجا کو وڈیو میں کم از کم اپنے بال چھوٹے کروانے کو کہا۔ ’آپ میں کچھ تبدیلی آنی چاہیے۔‘
عرصے سے رمیز راجا کے بالوں کا ایک ہی سٹائل ہے جس میں شائقین شاید اب تبدیلی چاہتے ہیں۔
Bhai is neon hair chotay kar laitay. Need some change in you :p
— Ali Babar (@Al_Babar) December 13, 2019
رمیز راجہ بہترین کمینٹیٹر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے اینکر بھی ہیں جو اکثر مزاحیہ گفتگو سے لوگوں کو ہنساتے بھی رہتے ہیں۔
-
کھیل کی خبریں واٹس ایپ پر حاصل کرنے کے لیے ”اردو نیوز سپورٹس“ گروپ جوائن کریں