عابد علی دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے جنہوں نے اپنے ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کے ڈبیو اننگز میں سنچری سکور کی ہے۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کی سر زمین پر دس برس بعد کھیلے جانے والا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم پر کھیلے گئے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا ہے۔
میچ میں تین دن تک کا کھیل بارش اور خراب روشنی کے باعث نہ ہوسکا۔ میچ کے آخری روز پاکستان نے سری لنکا کے 308 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں پر 252 رنز بنائے۔
پاکستانی بلے بازوں عابد علی اور بابر اعظم نے دس برس کے بعد ہوم گراؤنڈ میں اپنی سینچریاں مکمل کی ہیں۔
عابد علی نے اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سنچری سکور کی ہے۔ عابد علی دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے جنہوں نے اپنے ون ڈے اور ٹیسٹ میچ کے ڈبیو اننگز میں سنچری سکور کی ہے۔ انہوں نے 201 گندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے 109 رنز بنائے۔
پاکستانی بلے باز بابر اعظم نے بھی اپنے ہوم گراونڈ پر پہلی سنچری سکور کی۔ بابر اعظم نے 128 گیندوں پر 14 چوکوں کی مدد سے 102 رنز سکور کیے۔
عابد علی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ ڈبیو پر سنچری سکور کرنے والے بارہویں کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
پاکستان کے کپتان اظہر علی 36 رنز بنانے کے بعد لیہارو کمارا کی گینڈ پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کو اننگز کے آغاز میں ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب شان مسعود بغیر کوئی رنز بنائے سری لنکا کے کاسون رجتھا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز چھ وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز پر ڈکلیئر کر دی۔
اتوار کی صبح سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز جمعے کے سکور 6/282 پر شروع کی۔ ہفتے کے دن بارش کی وجہ سے ایک اوور کا کھیل بھی نہیں ہو سکا تھا۔ راولپنڈی سٹیڈیم میں اتوار کی صبح دھنن جایا ڈی سلوا نے اپنے کیریئر کی پانچویں سینچری مکمل کی۔ ڈی سلوا کی سینچری مکمل ہوتے ہی سری لنکا نے اننگز ڈکلیئر کردی۔
ڈی سلوا 102 رنز ناٹ آؤٹ اور پریرا نے 16 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔
اس سے قبل ہفتے کو چوتھے روز کا کھیل بھی خراب موسم کے باعث شروع ہوئے بغیر ہی ختم کر دیا گیا تھا۔
راولپنڈی میں صبح سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلسہ جاری رہا تھا جس کے باعث پنڈی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے چوتھے روز کا آغاز ہی نہ ہو سکا اور کھلاڑی ڈریسنگ روم تک ہی محدود رہے۔
سری لنکن کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور کھیل کے پہلے روز 66 اوورز کا کھیل ہو سکا جب کہ دوسرے روز صرف 20 اوورز اور تیسرے روز 5 اوورز کا کھیل ہو سکا۔
پہلا ٹیسٹ میچ بارش کے باعث متاثر ہونے کی وجہ سے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا ہے۔