Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغداد: سفارتی علاقے کے قریب میزائل حملہ

دونوں میزائل حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ( فوٹو: ارم نیوز)
عراقی دار الحکومت بغداد کے گرین زون کے علاوہ وسطیٰ علاقے الجاردیہ میں متعدد میزائل گرے ہیں۔
عراقی وزیراعظم کے سکیورٹی سیل کے دفتر نے فیس بک اور ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ میں کہا ہے کہ ’بغداد کے شمال میں بلد ایئر بیس بھی میزائل حملوں کا نشانہ بنا ہے‘۔
سعودی خبر رساں ایجنسی (واس) کے مطابق سکیورٹی سیل نے کہا ہے کہ ’دونوں میزائل حملوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ مزید تفصیلات معلومات دستیاب ہونے پر جاری کی جائیں گی‘۔
دوسری طرف العربیہ ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ بغداد کے گرین زون میں امریکی سفارتخانے کے قریب الاحتفالات میدان میزائل کا نشانہ بنا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی سفارت خانہ بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے گرین زون میں واقع ہے جہاں غیر ملکی سفارت خانے، عراقی حکومت کے دفاتر اور پارلیمان کی عمارت واقع ہے۔

 امریکی سفارت خانہ بغداد کے انتہائی سکیورٹی والے گرین زون میں واقع ہے ( فوٹو: العربیہ)

العربیہ کا کہنا ہے کہ میزائل گرنے سے پورا علاقہ دھماکوں سے گونج اٹھا۔ عینی شاہدین نے بتایا ہے کہ پہلا میزائل الاحتفالات میدان میں گرا ہے جبکہ دوسرا امریکی سفارتخانے کے بالمقابل بابل ہوٹل کے قریب گرا ہے۔
العربیہ کے مطابق ایک تیسرا میزائل گرین زون کے باہر گرا ہے جس کے باعث تین افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ بلد ایئربیس جہاں امریکی افواج موجود ہیں وہاں تین گولے گرے ہیں۔
 

شیئر: