شمیسی چیک پوسٹ پر ضروری خدمات کے اداروں کے علاوہ سرکاری دفاترہوں گے، گاڑیوں کی لینز کی تعداد بڑھا کر سولہ کردی جائیں گی ( فوٹو: ٹوئٹر)
حج عمرہ اور زیارت کے لیے مکہ مکرمہ جانے والے سعودیوں، مقیم غیر ملکیوں اور باہر سے آنے والے تمام زائرین کا واسطہ شمیسی چیک پوسٹ سے پڑتا ہے۔
یہاں سے گزرنے والوں کی شناختی دستاویزات چیک کی جاتی ہیں۔ یہاں سے کسی بھی غیر مسلم کو آگے جانے نہیں دیا جاتا بلکہ انہیں چیک پوسٹ کے دائیں جانب واقع راستے سے یا جدہ واپس کردیا جاتا ہے یا غیر مسلموں والی شاہراہ سے انہیں طائف وغیرہ بھیج دیا جاتا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق علاوہ ازیں اقامہ، محنت اور سرحدی سلامتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مکہ، جدہ شاہراہ پر واقع شمیسی جیل میں رکھا جاتا ہے۔
افراد کی تعداد بڑھ جانے کی وجہ سے جیل تنگ پڑ رہی تھی۔ اپنے احباب اور رشتہ داروں سے ملنے کے لیے جانے والے شکایت کرتے رہتے تھے کہ شمیسی میں جگہ تنگ ہونے کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں۔
گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے اس بات کا نوٹس لیتے ہوئے شمیسی جیل کی توسیع کا منصوبہ تیار کرایا۔ اس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ 15 فیصد تک کام مکمل ہوچکا ہے۔
خالد الفیصل نے حکم دیا ہے کہ شمیسی جیل کا توسیعی منصوبہ رمضان المبارک آنے سے قبل ہی مکمل کرلیا جائے۔
مکہ مکرمہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ گورنر مکہ مکرمہ کی ہدایت، نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان کی نگرانی اور پیروی کی بدولت شمیسی جیل کے توسیعی منصوبے کو مکمل کرنے کا کام تیز کردیا گیا ہے۔
شمیسی جیل کا توسیعی منصوبہ کثیر المقاصد ہے۔ اس کے تحت گرفتار کیے جانے والوں کی درجہ بندی کو بہتر بنایا جارہا ہے۔
جدہ مکہ شاہراہ چیک پوسٹ کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا جسے دیکھ کر حج اور عمرہ پر آنے والے زائرین اچھا تاثر قائم کریں گے۔
حج اور عمرہ موسم میں مکہ مکرمہ جانے والوں کو آسانی ہوگی۔ مصروف اوقات میں زائرین کے انتظار کا وقفہ کم ہوجائے گا۔ مکہ مکرمہ کے باشندوں اور زائرین کو سہولت ہوگی۔
شمیسی چیک پوسٹ پر گاڑیوں کے لیے مخصوص لائنز کی تعداد بڑھائی جائے گی۔ چیکنگ اور گنتی کے لیے جدید ٹیکنالوجی استعمال ہوگی۔ اس کی بدولت وقت اور محنت میں کمی واقع ہوگی۔
شمیسی چیک پوسٹ پر کئی سرکاری اداروں کے دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔
مکہ مکرمہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے ترجمان جلال کعکی نے بتایا کہ ’اتھارٹی متعدد ترقیاتی منصوبے نافذ کر رہی ہے۔ اس سے قبل النواریہ میں نئی چیک پوسٹ جدید خطوط پر استوار کرچکی ہے۔‘
شمیسی چیک پوسٹ پر دفاتر، مسجد، سول ڈیفنس سینٹر، ہلال احمر سینٹر، سرکاری اداروں کا دفتر خصوصاً امن عامہ، روڈ سیکیورٹی، گاڑیوں کی لینز کی انتظامیہ کا دفتر موجود ہیں۔ گاڑیوں کی لینز کی تعداد بڑھا کر سولہ کردی گئی ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں