کاش ہم سستا حج کروا سکتے، پیر نور الحق
نور الحق قادری نے کہا کہ حج اور کرتار پور کے اخراجات کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا (فوٹو: سوشل میڈیا)
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ پاکستانی کرنسی کی قدر میں کمی اور سعودی عرب میں ٹیکسز کے نفاذ کی وجہ سے اس برس حج اخراجات مزید بڑھ جائیں گے۔
اسلام آباد میں حج آرگنائزرز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے مرکزی و چاروں صوبوں کے نومنتخب عہدیداروں کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ ’کاش ہم سستا حج کروا سکتے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ حج اور کرتار پور کے اخراجات کا موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حج پالیسی 2020ء پر کام جاری ہے جس کا جلد اعلان کر دیا جائے گا۔
پیر نور الحق قادری نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں اس برس حج مزید مہنگا ہوگا۔
انہوں نے حج مہنگا اور کرتار پور سستا کی بات کرنے والوں پر بھی شدید تنقید کی اور وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ’حج اور کرتار پور کا موزانہ نہیں کیا جا سکتا، کرتار پور ایک راہ داری ہے جو کہ صرف چار کلو میٹر ہے اور سائیکل کے بجائے پیدل بھی لوگ آتے جاتے ہیں۔‘
ان کے مطابق ’حج کے لیے چار ہزار کلو میٹر سے زائد کا طویل سفر طے کرکے وہاں 40 روز قیام و طعام کا اہتمام کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے اخراجات زیادہ ہیں۔‘