Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 ریاض ایئر پورٹ پر نئی ٹیکسی سروس کا افتتاح

نئی گرین ٹیکسی خودکار آپریشنل سسٹم سے آراستہ ہے، فوٹو: اخبار24
 سعودی عرب کے وزیر ٹرانسپورٹ انجینئر صالح الجاسر نے بدھ کو کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ریاض کے ٹرمینل 5 کے لیے نئی گرین ٹیکسی اورعام ٹیکسی سروس کا افتتاح کیا۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے ایئرپورٹ ٹیکسی کے لیے لائسنس نمبر ون ڈرائیور کے حوالے کیا۔
اخبار24 کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے چیئرمین رمیح الرمیح نے بتایا کہ ’ یہ سروس تمام ٹیکسیوں میں مہیا ہو گی۔ اس کا دائرہ ٹیکسیوں کی خارجی شکل کو جدید انداز میں تیار کرنے تک محدود نہیں ہو گا بلکہ دیگر تمام سہولتیں بھی مہیا ہوں گی‘۔

نئی ٹیکسی کی نشستیں ’سیٹ سینسر‘ سے آراستہ ہیں، فوٹو: اخبار 24

عاجل ویب سائٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ڈپٹی چیئرمین فواز السھلی نے بتایا کہ ’ نئی گرین ٹیکسی خودکار آپریشنل سسٹم سے آراستہ ہے‘۔
نئی ٹیکسی کی نشستیں ’سیٹ سینسر‘ سے آراستہ ہیں۔ سواری کے بیٹھتے ہی مقررہ کرایہ نظام فوراً متحرک ہو جائے گا۔
 نئی ٹیکسی کیمرے سے آراستہ ہے۔ یہ مسافر کی سلامتی کی اہم گارنٹی ہے۔

وزیر ٹرانسپورٹ نے لائسنس نمبر ون ڈرائیور کے حوالے کیا، فوٹو: اخبار24

کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ٹیکسی سروس کے تحت بلنگ پرنٹر، الیکٹرانک فیئر میٹر، نیوی گیشن سسٹم، آن لائن ادائیگی اور ریٹنگ اور وائی فائی کی سہولت ہو گی۔
مزید پڑھیں
نئی ٹیکسیاں جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں۔ سیاح، زائرین، مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی ان کی خدمات اور معیار سے راحت محسوس کریں گے۔
نئی ٹیکسیوں میں ادائیگی کا نظام الیکٹرانک طریقہ کار کے تحت ہو گا۔ ایپلی کیشن کے ذریعے سمارٹ نقشے طلب کیے جا سکیں گے۔
نئی ٹیکسیوں میں ہنگامی صورت حال کے وقت الارم سسٹم بھی موثر ہو گا۔ ڈرائیور سے متعلق معلومات بھی موجود ہو گی۔
السھلی نے بتایا کہ نئی ٹیکسیاں کئی مرحلوں میں چلائی جائیں گی۔ شروعات ہوائی اڈوں سے ہو گی اور سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے اختتام پر سعودی عرب کے تمام ہوائی اڈوں پر یہ ٹیکسیاں دستیاب ہوں گی۔

شیئر: