خلاف ورزی پر 500 سے 900 ریال تک جرمانہ ہے۔ فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی محکمہ ٹریفک کے مطابق انڈر پاس میں بغیر لائٹ گاڑی چلانا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ اس پر 500 سے 900 ریال تک جرمانہ ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹویٹر کے اپنے اکاﺅنٹ پر واضح کیا ’انڈر پاس میں بغیر لائٹ گاڑی چلانے سے آپ کی اور دوسروں کی سلامتی کو خطرات پیدا ہوجاتے ہیں‘۔
’ انڈر پاس میں بغیر لائٹ گاڑی چلانا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ اس پر باقاعدہ قانونی سزا مقرر ہے‘۔
اس سے قبل محکمہ ٹریفک نے مقامی شہریوں کے سوالات کے جواب میں کہا تھا کہ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنا ٹریفک خلاف ورزی ہے۔ اس کا جرمانہ 150 ریال اورزیادہ سے زیادہ 300 ریال ہوگا۔
ایک ماہ کے دوران ایک سے زیادہ مرتبہ حفاظتی بیلٹ نہ باندھنے پر انتہائی جرمانہ ہوگا یا تو 24 گھنٹے کے لیے گاڑی محکمہ ٹریفک کی تحویل میں رہے گی یا دونوں سزائیں ایک ساتھ بھی دی جاسکتی ہیں۔
حفاظتی بیلٹ باندھنا ڈرائیور کے لیے ہی ضروری نہیں بلکہ سامنے والی نشست پر بیٹھنے والے کے لیے بھی ضروری ہے۔ اگر سامنے والی نشست پر بیٹھے شخص نے حفاظتی بیلٹ استعمال نہ کی تو اس کا جرمانہ ڈرائیور کے نام پر ریکارڈ پر آئے گا۔