کویتی شہری کی بیوہ کو شہریت دینے کی کے قانون کی منظوری پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی ( فوٹو: الانباء)
کویتی پارلیمنٹ میں اندرونی امور اور داخلہ کمیٹی نے کویتی شہری کی غیر ملکی بیوہ کو شہریت دینے کی سفارش کی ہے۔
مقامی اخبار الانباء کے مطابق پارلیمنٹ کے رکن سعدون حمود نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’کمیٹی ارکان کی اکثریت نے شہریت کے قانون میں ترمیم کی منظوری دی ہے۔ کویتی شہری کی بیوہ کو شہریت دینے کے قانون کی منظوری پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’ترمیم کے بعد مجوزہ قانون میں سفارش کی گئی ہے کہ کویتی شہری کی بیوہ کو شادی کی تاریخ سے 5 سال بعد شہریت حاصل کرنے کا حق ہے۔ اس کے لیے شرط یہ ہے کہ وہ اس عرصے کے دوران کویت میں مقیم رہی ہو اور اس کے ہاں کویتی شوہر سے بچے ہوں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’شرائط پر پوری اترنے والی غیر ملکی بیوہ کو شہریت دینے کے لیے یہ ضروری نہیں کہ کویتی شوہر نے اپنی زندگی میں اسے شہریت دلانے کی درخواست جمع کروائی ہو‘۔
رکن پارلیمنٹ نے بتایا ہے کہ ’مجوزہ تبدیلی کے بعد بیوہ کو شہریت دینے کا قانون اس خاتون پر بھی ہوگا جس کی اصل شہریت معلوم ہے اور اس پر بھی ہوگا جس کی شہریت معلوم نہیں ‘۔