Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’میری پیاری اب کسی اور کی ہو گئی ہے‘

اپنی ’پیاری‘ کی شادی میں شرکت کرنے کے بعد واپس جارہا ہوں۔ فوٹو: المرصد
 سعودی عریبین ایئرلائنز کی پرواز سے سفر کرنے والے ایک نوجوان نے السعودیہ کے مونو گرام والے کاغذ پر اپنی درد بھری کہانی تحریر کی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
المرصد ویب سائٹ کے مطابق نوجوان مسافر نے لکھا ’ میں جس سے محبت کرتا تھا، جسے دل کی گہرائیوں سے چاہتا تھا۔ اس کی شادی کسی اور سے ہوگئی ہے۔‘
’میرے مالی حالات اور لڑکی کے والد کی ظالمانہ شرائط نے مجھے اس سے ہمیشہ کے لیے دور کردیا۔ اپنی ’پیاری‘ کی شادی میں شرکت کرنے کے بعد ریاض واپس جارہا ہوں۔‘
مسافر نے اپنا نام تحریر کیے بغیر ’میری پیاری کسی اور کی ہوگئی‘ کے عنوان سے تحریر کچھ اس انداز سے قلم بند کی کہ جس کی نظربھی پڑی وہ دکھی ہو گیا۔

ٹوئٹر پر صارفین نے نوجوان کی وائرل  تحریر پر تبصرے کیے ہیں۔ فوٹو: المرصد

نوجوان نے یہ بھی لکھا ’وقت کی تلوار، مادہ پرستی، جاہ و منصب اور مال و دولت کی کشش نے مجھے میرے پیار سے محروم کردیا۔ میری مالی حیثیت اتنی نہیں تھی کہ حد سے زیادہ طلب کی جانے والی مہر کی رقم ادا کرسکتا۔‘
نوجوان نے اپنی سچی محبت کا اظہار لڑکی کے لیے دعائیہ کلمات کے ذریعے کیا۔ اس نے کہا کہ اللہ اس کی نئی زندگی کو کامیاب بنائے، خوشیاں اس کا نصیب ہوں، الوداع، الوداع، الوداع۔
ٹوئٹر پر صارفین نے نوجوان کی وائرل ہونے والی تحریر پر تبصرے کیے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا اگر نوجوان صرف یہ جملہ ’میری پیاری کسی اور کی ہوگئی‘ لکھنے پر ہی اکتفا کرلیتا تب بھی پوری دنیا اس کے دل کی کیفیت کو محسوس کرتی۔‘
ایک اور صارف نے تبصرہ کیا ’ہوائی اڈوں پر نہ جانے کتنی کہانیاں دیکھنے سننے اور پڑھنے کو ملتی ہیں۔ دوران سفر انسان کو غم باٹنے والا بھی نہیں ملتا۔‘

شیئر: