آئندہ ہفتے سردی کی نئی لہر متوقع
مملکت کے وسطی، مغربی اور مشرقی علاقے اس کی زد میں آئیں گے فوٹو: سوشل میڈیا
سعودی عرب میں ماہر موسمیات حسن کرانی کے مطابق آئندہ ہفتے سردی کی نئی شدید لہر آئے گی۔ اس کی شروعات آئندہ جمعہ سے ہوگی۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق حسن کرانی نے بتایا ’جمعہ کو مملکت کے بیشتر علاقوں میں موسم معتدل ہے۔ چھ فروری تک موسم کبھی سرد اور کبھی گرم رہے گا۔ 7 فروری جمعہ کو سردی کی نئی لہر شروع ہوگی۔
حسن کرانی نے کہا کہ آٹھ فروری ہفتے کو قطب شمالی، مغربی سے سردی کی لہر مملکت پہنچے گی۔ یہ بتدریج سعودی عرب کے شمالی علاقوں میں پھیلتی چلی جائے گی۔ دس فروری کو اس میں شدت پیدا ہونا شروع ہوگی۔
مملکت کے وسطی، مغربی اور مشرقی علاقے اس کی زد میں آئیں گے پھر اس کا رخ سعودی دارالحکومت ریاض کے جنوب کی طرف ہوگا۔ بارہ فروری بدھ کو سردی کی یہ لہر پورے جزیرہ نمائے عرب پر چھا جائے گی۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق مکہ مکرمہ ریجن کی متعدد کمشنریوں میں جمعہ کو گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں۔ ان کا سلسلہ رات گیارہ بجے تک جاری رہے گا۔مکہ مکرمہ، جدہ اور رابغ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا بھی امکان ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق باحہ، عسیر اور جازان میں بھی رات کے وقت گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔