Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہزاروں غیر ملکی کارکن فائنل ایگزٹ پر کیوں جا رہے ہیں؟

8 ہزار 376 غیر ملکی کارکنوں نے فائنل ایگزٹ کے لیے درخواست دی (فوٹو: سوشل میڈیا)
 سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے مطابق رواں برس کے آغاز سے اب تک مشکلات سے دوچار کمپنیوں کے 8 ہزار 376 غیر ملکی کارکنوں نے فائنل ایگزٹ کے لیے درخواستیں دی ہیں۔
 ان میں ایسی کمپنیوں کے ملازمین بھی ہیں جو مشکلات سے دوچار نہیں۔ غیر ملکیوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت مسائل کے حل پر مامور نمائندے نے بتایا کہ ’غیر ملکی کارکنوں کے مسائل کے حل کے لیے ان کے سفارت خانوں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔‘

غیر ملکیوں کا تعلق مختلف ممالک سے ہے۔فوٹو: سبق

’کارکنوں کے واجبات اور حقوق کی ادائیگی اور وطن واپسی کے ٹکٹ کے اجرا کے معاملات سفارت خانوں کے ذریعے طے کیے گئے۔‘
یاد رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے 25 فروری 2020 کو وزارت محنت و سماجی بہبود اور وزارت شہری خدمات کو ایک دوسرے میں ضم کر کے نئی وزارت کی تشکیل کا فرمان جاری کیا تھا۔ نئی وزارت کا نام وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود رکھا گیا ہے۔
ریاض ریجن میں افرادی قوت کے ادارے کے ڈائریکٹر عبدالکریم عسیری نے بتایا کہ ’وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود مختلف شعبوں کے کارکنوں کے لیے ملازمت کا مناسب ماحول فراہم کرنے کی کوششیں کر رہی ہے۔ وزارت مشکلات سے دوچار کمپنیوں کے کارکنوں کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔‘

کارکنوں کے حقوق کی ادائیگی کا معاملہ سفارت خانوں کے ذریعے طے ہوا (فوٹو: سوشل میڈیا)

وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود ریاض شاخ میں مسائل کے حل پر مامور ادارے کے ڈائریکٹر محمد الغفیصکا کہنا ہے کہ ’مشکلات سے دوچار کمپنیوں کے کارکنوں کے مسائل حل کرنے کے لیے سفارت خانوں اور نجی اداروں کے نمائندوں سے ملاقاتیں کی جا رہی ہیں۔‘
 کارکنوں کے دفاتر اور رہائش کے دورے بھی کیے جا رہے ہیں تاکہ یہ پتا لگایا جا سکے کہ وہ کس قسم کے انسانی و مالی مسائل اور محنت مشقت کے حوالے سے کس قسم کی دشواریوں سے دوچار ہیں۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: