Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سندھ: ٹرین اور بس میں تصادم، 20 ہلاک

ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور بھی حادثے میں زخمی ہوا
پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع سکھر کے علاقے روہڑی کے قریب ریلوے کراسنگ پر ایک مسافر بس کراچی سے راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس کی زد میں آکر دو ٹکڑے ہوگئی۔
سندھ کے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کے مطابق اس حادثے میں کم سے کم 20 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
پاکستان ریلوے کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق حادثہ ایک ایسی ریلوے کراسنگ پر پیش آیا جہاں محکمے کا کوئی اہلکار تعینات نہیں تھا۔
ریلوے ترجمان طارق اسد کا کہنا ہے کہ ’ ٹرین حادثہ بظاہر بس ڈرائیور کی بے پروائی  کی وجہ سے پیش آیا۔‘
کمشنر سکھر شفیق مہیسر کے مطابق ’ہلاک ہونے والوں میں بس میں سوار بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جبکہ ٹرین کا اسسٹنٹ ڈرائیور حادثے میں زخمی ہوا ہے۔‘ شفیق مہیسر نے بتایا کہ ’زخمیوں کو روہڑی سکھر کے سول ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ایک کلو میٹر تک کے علاقے کی سرچنگ کی جا رہی ہے۔‘
سکھر پولیس کے مطابق مسافر کوچ کراچی سے صوبہ پنجاب کے ضلع سرگودھا جا رہی تھی۔
روہڑی حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’پاکستان ریلوے کے دو ہزار 470 ریلوے کراسنگ ایسی ہیں جن پر سٹاف تعینات نہیں اور ایسی کراسنگز پر سٹاف کی تعیناتی کے لیے پاکستان ریلوے نے کئی بار صوبائی حکومتوں کو خطوط لکھے ہیں۔‘

حادثے کی وجہ سے بس دو حصوں میں تقسیم ہوگئی (فوٹو: سوشل میڈیا)

حکام کے مطابق حادثے کے بعد ریلوے ٹریک کو کلیئر کر دیا گیا ہے جس کے بعد پاکستان ایکسپریس راولپنڈی کی طرف روانہ ہوگئی ہے۔
ریلوے ترجمان کا کہنا ہے کہ دیگر سٹیشنز پر روکی گئیں ٹرینوں کو بھی روانہ کر دیا گیا ہے۔
مقامی ہسپتال کے ایک اہلکار تسنیم خامسانی نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا ہے کہ ’حادثے میں زخمی ہونے والوں کی تعداد کم سے کم 18 ہے۔‘ اہلکار نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

شیئر: