Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زائرین کی آمد پر عارضی پابندی:’متاثرین فیسیں واپس لے سکتے ہیں‘

زائرین ویزہ فیس اور عمرہ پیکج کی رقم مقامی ایجنٹوں سے واپس لے سکتے ہیں ( فوٹو: سبق)
عمرہ ویزے وقتی طور پر معطل کرنے سے متاثر ہونے والے زائرین ادا کی جانے والی فیسیں واپس لے سکتے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’جن زائرین نے ویزہ فیس اور عمرہ پیکیج کی رقم ادا کی ہے اور عمرے کی عارضی معطلی سے متاثر ہوئے ہیں وہ ادا کی جانے والی رقم واپس لے سکتے ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’فیسوں کی واپسی کے لیے زائرین اپنے ملک کے مقامی ایجنٹوں سے رجوع کریں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’مقامی عمرہ ایجنٹوں کو اس حوالے سے ہدایات کردی گئی ہیں۔ زائرین ان سے رجوع کر کے معلومات حاصل کر سکتے ہیں‘۔
وزارت نے بتایا ہے کہ ’عمرے کی وقتی معطلی کے حوالے سے جس کسی کے پاس کوئی استفسار ہو وہ وزارت کے انٹرنیشنل نمبر 00966920002814 پر یا ای میل ایڈریس [email protected] کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں۔

زائرین کی سعودی عرب آمد پر عارضی پابندی

سعودی عرب نے جمعرات 27 فروری کو ملک میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے خدشے کے باعث عمرے یا مسجد نبوی کی زیارت کے لیے آنے والے افراد کا مملکت میں داخلہ عارضی طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ’سیاحتی ویزے پر ان ممالک سے آنے والے افراد کا مملکت میں داخلہ معطل کیا گیا ہے جہاں سعودی صحت حکام کے طے کردہ معیار کے مطابق نئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا خطرہ ہے۔‘

غیر ملکیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ متاثرہ ممالک کا سفر نہ کریں (فوٹو: سوشل میڈیا)

بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’سعودی عرب میں کورونا وائرس کے خطرے کو روکنے کے لیے رہنما اصولوں کے تحت جی سی سی ممالک کے شہریوں کی قومی شناختی کارڈ کے ذریعے مملکت آمدو رفت کو بھی معطل کیا جا رہا ہے‘۔
قبل ازیں سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور بری سرحدی چوکیوں سے مملکت آنے والے تمام مسافروں کو نیا ہدایات نامہ جاری کیا تھا۔
ہدایت نامے میں کہا گیا تھا ’جو افراد مملکت آنے سے 15 روز قبل تک چین میں قیام پذیر رہے ہیں تو ایئرپورٹ، سی پورٹ یا بری سرحدی چوکی پہنچنے پر امیگریشن حکام کو اس حوالے سے آگاہ کریں‘۔

پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے ٹیلی فون نمبر کا اجرا

سعودی عرب کی وزارت حج  وعمرہ نے عمرے کے ویزے حاصل کرنے والے پاکستانیوں سے کہا ہے کہ مزید ہدایات کے لیے وزارت سے کریں۔
سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’پاکستانی، انڈین، مصری، الجزائری، انڈونیشیائی اور ترکی کے عمرہ زائرین وزارت سے براہ راست رابطہ کر کے ہدایات لے سکتے ہیں‘۔

سعودی عرب میں کورونا کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا (فوٹو: ٹوئٹر)

وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’فون نمبر 00966920002814 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ مذکورہ ممالک سے رابطہ کرنے پر مقامی کال چارجز لاگو ہوں گے‘۔

’غیر ملکی متاثرہ ممالک کا سفر نہ کریں‘

سعودی عرب کے محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ نے سعودی شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا تھا کہ وہ کسی بھی حالت میں ان ممالک کا سفر نہ کریں جہاں کورونا کا مرض وبائی صورت اختیار کر چکا ہے۔
جوازات کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ ملک میں مقیم غیر ملکی بھی خصوصی طور پر احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی قسم کے وبائی مرض میں مبتلا نہ ہوں۔
عربی ویب نیوز 24 کے مطابق محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’معلومات کے لیے محکمہ کے مصدقہ ذرائع سے رجوع کیا جائے، سوشل میڈیا پر موجود افواہوں پر توجہ نہ دی جائے۔‘
خیال رہے کہ سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

شیئر: