ریاض ریجن میں تفتیشی ٹیموں نے کارروائی کی ہے فوٹو: الریاض
ریاض ریجن میں وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی تفتیشی ٹیموں نے اقامہ اور قانون محنت کی خلاف ورزی پر 56 غیر ملکی کارکنوں کو گرفتار کیا ہے۔
ریجنل ڈائریکٹر تفتیشی کمیٹی انسپکٹر بدرالعتیبی کا کہنا ہے کہ تفتیشی کمیٹی میں پولیس کے علاوہ ریاض ریجن کے علاقے النسیم کی بلدیہ کے اہلکار شامل تھے۔
ویب نیوز اخبار 24 کی اطلاع کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کی جانب سے اقامہ اور مملکت میں قانون محنت کی خلاف ورزی کرنے پر مختلف مارکیٹوں میں 15 دکانوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔
العتیبی کا کہنا تھا کہ جن غیر ملکی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ان کے اقامے گھریلو ڈرائیور اور چوکیدار کے تھے جبکہ وہ مارکیٹوں میں کام کر رہے تھے جو مملکت کے مروجہ قانون کی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے۔
تفتیشی کمیٹی کے انسپکٹر کا کہنا تھا کہ وزارت کی جانب سے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں تاکہ اقامہ اور محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کر سکیں۔ تفتیشی ٹیمیں مختلف اوقات میں کارروائیاں کرتی رہتی ہیں۔
واضح رہے مملکت میں قانون محنت کے مطابق گھریلو ڈرائیور اور چوکیدار جسے یہاں ’حارث‘ کہا جاتا ہے کے پیشے پر آنے والے کوئی اور کام نہیں کر سکتے۔
اگر گھریلو کارکن دکانوں میں کہیں اور کام کرتے ہوئے پائے جاتے ہیں تو انہیں جرمانے کے علاوہ قید اور ملک بدری کی سزا دی جاتی ہے۔