Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی اور غیر ملکی شہریوں پر نو ممالک کے سفر کی پابندی

امارات، کویت، بحرین، لبنان، شام، جنوبی کوریا، مصر، اٹلی اور عراق جانے یا وہاں سے مسافروں کے آنے پر پابندی ہے ( فوٹو:اے ایف پی)
سعودی عرب نے نو ممالک کے سفر پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ فیصلہ سعودی شہریوں کے علاوہ ملک میں مقیم غیر ملکیوں پر بھی لاگو ہوگا۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ نے امارات، کویت، بحرین، لبنان، شام، جنوبی کوریا، مصر، اٹلی اور عراق جانے یا وہاں سے مسافروں کے آنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ’کرونا کے انسداد کے لیے کام کرنے والی مشترکہ کمیٹی کی سفارشات اور وائرس کی روک تھام کے لیے کی جانے والی کوششوں کے پیش نظر وقتی طور پر مذکورہ ممالک پر پابندی لگائی جا رہی ہے۔‘
وزارت نے کہا ہے کہ ’فیصلے پر فوری نفاذ کے بعد کوئی سعودی شہری یا ملک میں مقیم غیر ملکی ان ممالک میں نہیں جاسکتا نیز ان ممالک میں گزشتہ 14 دنوں کے دوران قیام کرنے والا غیر ملکی سعودی عرب نہیں آ سکتا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’سعودی عرب نے مذکورہ ممالک کے ساتھ فضائی، بحری اور بری سفر بھی معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ ’فیصلے سے تجارتی آمد و رفت کے علاوہ شہریوں کے انخلا کو استثنیٰ ہوگا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزارت داخلہ اور وزارت صحت کو اختیار ہے کہ وہ انسانی بنیادوں پر کسی شہری کو سفر کی پابندی سے استثنیٰ بھی دے سکتے ہیں۔‘

شیئر: