سعودی وزارت صحت نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے مزید دو مریض صحت یاب ہوگئے جبکہ سو مریض سپیشلسٹ ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ ایک کے سوا سب خطرے سے باہر ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے سعودی عرب میں کورونا وائرس کی تازہ صورتحال سے متعلق پریس کانفرنس کی ہے۔
انہوں نے سعودی شہریوں او رمقیم غیر ملکیو ں پر زور دیا کہ وہ کسی بھی طرح کے اجتماع میں حصہ نہ لیں۔ یہ پابندی انہیں کورونا وائرس سے بچانے کے لیے لگائی جارہی ہے۔
العبدالعالی نے بتایا کہ’ کورونا وائرس کے 48 مریض مرد ہیں اور باقی خواتین ہیں۔ 54 سعودی ہیں اور دیگر تعلق مختلف ممالک سے ہے۔ کورونا سے ابھی تک سعودی عرب میں کوئی ایک موت بھی نہیں ہوئی ہے‘۔
وزارت صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ’ سعودی عرب میں حفاظتی خدمات موثر ہیں۔ کئی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں‘۔
تمام سعودیوں اور غیر ملکیوں سے اپیل ہے کہ وہ مخصوص طرز معاشرت کی عادت کے باوجود کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو موثر بنانے میں اپنا کردارادا کریں‘۔
العبد العالی نے مزید کہا کہ’ وزارت صحت کی سفارشات کی پابندی کریں۔ مصافحے سے گریز کریں۔ ہاتھ پابندی سے دھوتے رہیں۔ بھیڑ بھاڑ سے دور رہیں۔ کسی بھی شکل میں بھیڑ بھاڑ کا حصہ نہ بنیں‘۔
وزارت صحت کے ترجمان نے اس امر پر بھی زور دیا کہ’ بیرون مملکت سے آنے والے لوگ اپنے طور پر خود کو اپنے گھروں میں الگ تھلگ کرنے کی پابندی کریں۔ یہ کام کم از کم 14روز تک جاری رکھیں‘۔