Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کے مزید 119 مریض، کل تعداد 511

کورونا کے مریضوں کی مزید تعداد 511 تک پہنچ گئی (فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی وزارت صحت کے ترجمان محمد العبد العالی نے اتوار کو اعلان کیا ہے کہ نئے کورونا وائرس کے مزید 119مریض ریکارڈ پر آگئے۔
اس طرح کورونا کے مریضوں کی مزید تعداد 511 تک پہنچ گئی جبکہ 17صحت یاب ہوگئے۔
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق وزیر صحت کے ترجمان نے بتایا کہ ’کورونا کے نئے مریض احتیاطی تدابیر کی پابندی نہ کرنے سے وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں۔ اجتماعی مقامات پر نہ جانے کی پابندی نہیں کررہے تھے‘۔
ڈاکٹر العبد العالی کے مطابق سعودی عرب کورونا وائرس کوروکنے کے لیے سخت احتیاطی تدابیر کررہا ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ’ سعودی عرب اب تک کورونا وائرس کے 23 ہزار افراد کے ٹیسٹ کرچکا ہے جبکہ کورونا کے نئے شکار پرانے مریضوں سے ملنے جلنے کی وجہ سے ہورہے ہیں۔
العبد العالی نے بتایا کہ جیسے ہی کورونا وائرس کا کوئی مریض ریکارڈ پر آتا ہے فوری طور پر اس سے ملنے جلنے والوں کی فہرست تیار کرلی جاتی ہے۔
وزارت صحت کے ترجمان کہنا تھا کہ کورونا کے نئے بیشتر مریضوں کا تعلق ریاض اور مکہ مکرمہ سے ہے۔ نئے مریضوں میں 72 کا تعلق مکہ مکرمہ، 34 کا ریاض، 4کا دمام، 4 کا قطیف، تین کا الاحساء، تین کا الخبر جبکہ ظہران اور القصیم سے ایک، ایک مریض ریکارڈ پر آیا ہے۔

 کورونا کے  17 مریض اب تک صحت یاب ہوچکے۔(فوٹو سوشل میڈیا)

وزارت صحت کے ترجمان نے مکہ مکرمہ میں کورونا کے مریض سب سے زیادہ ریکارڈ پر آنے کا باعث یہ کہہ کر بتایا کہ ترکی سے کورونا کا ایک مریض مکہ مکرمہ پہنچا تھا۔
وزار ت نے ایک ہفتے قبل اس کی اطلاع بھی دے دی تھی۔ اس سے ملنے جلنے والوںکا پتہ لگالیا گیا تھا۔ابتدا میں ان پر اثرات نہ ہونے کے برابر تھے۔ اب جاکر تصدیق ہوگئی ہے کہ وہ سب کے سب کورونا میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
 

شیئر: