سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز مزید 112 افراد کے کورونا کے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ مدینہ منورہ میں ایک اور غیر ملکی اس مرض سے ہلاک ہو گیا۔
وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں اب تک کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 1012 ہے۔
جمعرات کو جن مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے ان میں سب سے زیادہ ریاض میں ہیں جن کی تعداد 34جبکہ مکہ مکرمہ میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد 26 اورجدہ میں 13 ہے خفجی ، بریدہ اور ظھران میں ایک ، ایک مریض کی تصدیق کی گئی ہے۔
سعودی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے مقامی ویب نیوز ’سبق‘ کا کہنا ہے کہ جمرات کے روز 4 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے ساتھ اب تک صحتیاب ہونے وا لوں کی تعداد 33 ہوگئی ہے۔
وزارت صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاو کے لیے تمام تراحتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات کی جارہی ہیں۔ اس ضمن میں موبائل پر لوگوں کو انتباہی پیغامات بھی ارسال کیے جارہے ہیں جن میں کہا گیا ہے کہ ’گھروں میں رہنے سے آپ محفوظ رہیں گے کوشش کریں انتہائی ضرورت کے علاوہ گھروں سے نہ نکلیں ، ہاتھوں کو مسلسل دھوتے رہیں اورجراثیم کش محلول سے ہاتھوں کو صاف رکھیں‘۔
دریں اثنا وزارت صحت کے ترجمان نے روزانہ کی بنیاد پر منعقد ہونے والی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’آئسولیشن اور قرنطینہ میں اب تک 13ہزار افراد کو رکھا گیا ہے جن میں سے قرنطینہ میں 4ہزار افراد ہیں جبکہ باقی 9ہزار کو گھروں میں آئسولیٹ کیا گیاہے ‘
ترجمان صحت العبدالعالی نے مزید کہا ’انتہائی نگہداشت وارڈ میں 6افراد ہیں جن کی حالت نازک ہے، جمعرات کے روز ہلاک ہونے والے تیسرا شخص شوگر ، بلڈ پریشر اور قلب کے امراض کا بھی شکار تھا۔