ڈاکٹر کیمپبیل کے 'کورونا فوٹ شیک' ڈانس کی ویڈیو کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
کورونا وائرس نے ہاتھ ملانے سے تو روک رکھا ہے مگر پیروں کو تو ملایا جا سکتا ہے۔ ایسے وقت میں جب ہر طرف اداسی اور مایوسی پھیلی ہوئی ہے، ایک امریکی ڈاکٹر نے ایسا ڈانس متعارف کرایا ہے جو دکھ کی اس گھڑی میں لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر رہا ہے۔
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ڈاکٹر جاسن کیمپبیل کی سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جانے والی ڈانس کی ویڈیو کو طبی عملے سمیت سینکڑوں افراد کے لیے بہترین دوا سمجھا جا رہا ہے اور انہیں کورونا وائرس کی وبا کی اس مشکل گھڑی میں حوصلہ بڑھانے پر سراہا جارہا ہے۔
ویڈیو ایپلی کیشن ٹک ٹاک پر بنائی گئی ڈاکٹر جاسن کیمپبیل کی یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر چھائی ہوئی ہے جس میں انہیں اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پیر ملاتے 'کورونا فٹ شیک' اور دوسرے ڈانس سٹیپ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
اوریگن ہیلتھ اینڈ سائنس یونیورسٹی ہسپتال میں اینستھیسیا کے شعبے میں تربیت حاصل کرنے والے 31 سالہ ڈاکٹر نے اے ایف پی کو بتایا کہ انہیں کووڈ 19 کا مرکز سمجھے جانے والے شہر نیویارک سے طبی عملے اور دیگر افراد کی طرف سے بہت اچھا ریسپانس مل رہا ہے۔
کیمپبیل نے بتایا کہ 'جب آپ شعبہ صحت سے منسلک ہوں تو آپ ہر وقت بہت سنجیدہ اور دکھی کردینے والے واقعات دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ ہمیں بھی اپنی ذہنی حالت کو ٹھیک رکھنے اور ایک انسان ہونے کا احساس برقرار رکھنے کے لیے کوئی نہ کوئی ایسا رستہ نکالنا ہوتا ہے جو ہمارے چہرے پر مسکراہٹ بکھیر سکے۔'
اپنی ویڈیو کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ وہ شروع میں کم سن بچوں بالخصوص افریقی امریکی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کے لیے ویڈیوز بناتے تھے۔
تاہم کورونا وائرس کی وجہ سے مشکل کی گھڑی میں ان کا یہ کلپ تیزی سے وائرل ہوگیا۔ ان کے 'کورونا فوٹ شیک' ڈانس کی ویڈیو کو اب تک لاکھوں لوگ دیکھ چکے ہیں۔
کیمپبیل نے بتایا کہ 'مجھے جمعے کو ایک شخص کی جانب سے پیغام موصول ہوا جس میں کہا گیا کہ ان کی کی بیوی جو کہ ڈاکٹر ہیں اور کووڈ 19 کے مریضوں کے علاج پر مامور ہیں کو یہ ویڈیو بے حد تسکین بخش لگی۔
ایک اور پیغام پھیپھڑوں کے مریض کی جانب سے موصول ہوا جس میں انہوں نے اپنے قرنطینہ کو قابل برداشت بنانے پر شکریہ ادا کیا۔
کیمپبیل نے اپنے ساتھی ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ردعمل کے حوالے سے بتایا کہ پہلے تو ان کے ساتھی ڈاکٹرز ویڈیوز کا حصہ بننے سے ہچکچاتے تھے لیکن جب لوگوں کی جانب سے مثبت ردعمل آیا تو وہ بھی اس میں شامل ہوگئے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتال کے عہدیداران اور انتظامیہ نے بھی ہمارے اس اقدام کو سراہا ہے۔