Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ایئرلائن سے 250 پاکستانی عمرہ زائرین کی لاہور آمد

سعودی عرب سے خصوصی پرواز کے ذریعے 250 پاکستانی عمرہ زائرین لاہور پہنچ گئے۔ ایئر پورٹ پر مسافروں کی سخت سکیننگ کی گئی۔
سعودی ایئرلائن کی خصوصی پرواز ایس وی 3734 بدھ کو دن ایک بجے عمرہ زائرین کو لے کر جدہ سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی۔
جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو پاکستانی زائرین کو رخصت کرنے کے لئے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔

 

حکومت پاکستان کی جانب سے سفیر راجا علی اعجاز اور قونصل جنرل خالد ماجد نے ان پروازوں کے انتظام میں تعاون کرنے پر خادم حرمین شریفین  شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی حکومت اور وزارت حج و عمرہ کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے سعودی عرب میں قیام کے دوران پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر وزارت حج و عمرہ کی تعریف بھی کی۔ سعودی حکومت نے تمام مسافروں کے  لیے نہ صرف ٹھہرنے کا بندوبست کیا، بلکہ ان کو طبی امداد بھی فراہم کی اور ان کے عمرہ ویزوں میں بھی توسیع کی جو اس صورت حال کی وجہ سے ختم ہو گئے تھے۔ انہوں نے سعودی سول ایویشن اور سعودی ایئر لائن کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

سعودی ایئرلائن کی خصوصی پرواز دن ایک بجے عمرہ زائرین کو لے کر جدہ سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی (فوٹو: اردو نیوز)

تقریباً 474 پاکستانی عمرہ زائرین بین الاقوامی پروازوں کی منسوخی کی وجہ سے سعودی عرب میں پھنس کر رہ گئے تھے اور جن کو سعودی ایئر لائن کی پروازوں کے ذریعے پاکستان بھیجا جا رہا ہے۔
دوسری پرواز جمعرات کو باقی مسافروں کو لے کر ملتان کے لیے روانہ ہوگی۔

پروازوں کا اہتمام سعودی وزارت حج و عمرہ کے خصوصی انتظامات کے تحت کیا گیا ہے (فوٹو: اردو نیوز)

ان پروازوں کا اہتمام سعودی وزارت حج و عمرہ کے خصوصی انتظامات کے تحت کیا گیا ہے۔
عمرہ زائرین کے لیے کی جانے والی یہ غیر معمولی دیکھ بھال دونوں ممالک کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات کی علامت ہے۔

شیئر: