الاحساء کے دو محلے بند کرنے کا فیصلہ، 24 گھنٹے کرفیو
’فیصلے پر نفاذ آج سے تا حکم ثانی ہوگا، رہائشی ضرورت کی اشیا خریدنے سے نکل سکتے ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی وزارت داخلہ نے الاحساء کمشنری کے الفیصلیہ اور الفاضلیہ محلوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔
سعودی پریس ایجنسی (واس) کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’مذکورہ محلوں میں 24 گھنٹے کرفیو کا نفاذ آج ہفتہ سے تاحکم ثانی ہوگا‘۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’کورونا وائرس کے انسداد کے لیے قائم مشترکہ کمیٹی کی سفارشات پر عمل کرتے ہوئے الاحساء کے دو محلوں میں احتیاطی تدابیر مزید سخت کرنے کی منظوری دی گئی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’دونوں محلوں کو رہائشی اجازت کے اوقات میں طے شدہ ضوابط کے تحت گھروں سے نکل کر اپنی ضرورت کی اشیا خرید سکتے ہیں‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’مذکورہ محلوں کے رہائشیوں کا گھروں سے باہر جانا انتہائی محدود اور ناگزیر اسباب کی بنا پر ہوگا‘۔
وزارت داخلہ نے اس اعلان کے ساتھ تاکید کی ہے کہ حکومت کورونا وائرس کے انسداد کے لیے جو بھی اقدامات کر رہی ہے وہ صحت عامہ کے حفظان اور رہائشیوں کے مفاد میں ہیں۔ ان احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کے لیے معاشرے کے تمام افراد کا تعاون مطلوب ہے۔