فہرستیں ملنے پر ادائیگی کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا-(فوٹو اے ایف پی)
سعودی عرب میں نجی اداروں کے واجبات کی ادائیگی کے لیے قائم سرکاری کمیٹی نے سعودی ایوانہائے صنعت و تجارت سے کہا ہے کہ نجی ادارے سرکاری محکموں پر اپنے واجبات کی فہرست تیارکرکے پیش کردیں-
فہرستیں ملنے پر ادائیگی کا عمل جلد شروع کردیا جائے گا-
الشرق الاوسط کے مطابق نجی ادارے اور کمپنیاں وزارتوں، محکموں اور سرکاری اداروں پر اپنے واجبات کی تفصیلات تیار کر رہے ہیں-
یہ اطلاعات بھی ملی ہیں کہ حکومت گزشتہ برسوں سے تعلق رکھنے والے نجی اداروں کے واجبات پہلی فرصت میں ادا کرنے والی ہے-
سعودی حکومت قومی معیشت پر کورونا وائرس سے ہونے والے نقصانات بھرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کررہی ہے-
سعودی حکومت نے چھوٹے اور درمیانے سائز کے اداروں، تجارتی سرگرمیوں اور اقتصادی شعبوں کو فعال بنانے والے دسیوں پروگرام اور فارمولے متعارف کرادیے- حکومت سرمایہ کاروں کو کیش بھی مہیا کررہی ہے-
وزیر خزانہ محمد الجدعان نے مالیاتی امور کی عالمی کمیٹی کے ارکان سے وڈیو اجلاس کے دوران اطمینان دلایا تھا کہ سعودی عرب موجودہ عالمی بحران کا مقابلہ مضبوط پوزیشن کے بل پر کررہا ہے-
مملکت کی مالی پوزیشن مضبوط ہے اس کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر تسلی بخش ہیں جبکہ سرکار پر قومی قرضے نہ ہونے کےبرابر ہیں-
سعودی وزیر خزانہ نے گزشتہ ہفتے نجی اداروں کے واجبات کی ادائیگی میں تیزی لانے کےلیے پچاس ارب ریال مختص کیے تھے-
علاوہ ازیں تجارتی، صنعتی اور زرعی اداروں کے 30 فیصد بجلی بل ادا کرنے کی سہولت بھی مہیا کی تھی-