منگل کو چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیرصدارت قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔
نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ’اجلاس میں گندم اور چینی پرائم میگا سکینڈل کے تمام پہلووں خصوصاً اربوں روپے کی ڈکیتی، قیمتوں میں اضافے، مبینہ سمگلنگ اور سبسڈی وغیرہ کی جامع، آزادانہ اور قانون کے مطابق تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا۔‘
جاری کیے گئے بیان کے مطابق ’اجلاس میں دو انکوائریوں کی منظوری دی گئی جن میں سی ڈی اے کے افسران و اہلکاروں اور دیگر، ریورگارڈن ہاوسنگ سکیم کی انتظامیہ، پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ میں میگا کرپشن انکوائری شامل ہیں۔‘
پاکستان میں چینی اور گندم کے بحران پر ایف آئی اے پہلے ہی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کر چکی ہے۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا تھا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کو اولین ترجیح سمجھتا ہے۔