ریاض پولیس نے جعلی اقامہ کارڈز اور موبائل سمز کا دھندا کرنے والے ایک ایشیائی گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا ہے۔ چھ افراد پر مشتمل بنگلہ دیشی کارکنوں کا گروہ جعلی موبائل سم اور اقامہ کارڈ تیار کرکے ہم وطنوں کو فروخت کررہے تھے-

اخبار 24 کے مطابق ریاض پولیس نے وزارت داخلہ کے سنیپ چیٹ اکاؤنٹ پراس حوالے سے ایک وڈیو کلپ جاری کیا ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پولیس ریاض کے معروف محلے الوزارات کے ایک فلیٹ پر چھاپہ مار رہی ہے- بنگلہ دیشی کارکنان اپنی رہائش کو جعلی سم اور اقامہ کارڈ تیار کرنے کے اڈے میں تبدیل کیے ہوئے تھے- مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے نام سے موبائل سم تیار کرکے بلیک مارکیٹ میں فروخت کررہے تھے-
مزید پڑھیں
-
غیر قانونی سم کارڈ فروخت کرنے والا بنگالی گرفتارNode ID: 460891
ریاض پولیس نے بتایا کہ کارروائی کے دوران مقامی موبائل کمپنیوں کی 577 موبائل سم برآمد ہوئیں جبکہ متعدد سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے شناختی کارڈز اور اقاموں کی فوٹو کاپیاں اور فنگر پرنٹس کے نمونے بھی ان کے قبضے میں پائے گئے- دو لیپ ٹاپ، تین پرنٹرز، چار فنگر پرنٹ کی ریڈنگ کرنے والی مشینیں اور جعلی اقامہ کی تیاری میں کام آنے والا ایک پرنٹر برآمد ہوا- علاوہ ازیں اقامہ سائز کے 160 کارڈ بھی ضبط کیے گئے- جن پر اقامے کی تفصیلات پرنٹ کی جانے والی تھیں-
ریاض پولیس نے توجہ دلائی کہ جعلی اقاموں اور موبائل سم کارڈز میں ملوث بنگلہ دیشیوں کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دے دیا گیا-