Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'چند دنوں کی بات ہے، نمازی حرمین میں نظر آئیں گے‘

دونوں مساجد کی صفائی کا کام جدید ترین انداز میں جاری ہے (فوٹو سبق)
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیح عبدالرحمان السدیس نے دنیا کے تمام مسلمانوں کو اطمینان دلایا ہے کہ چند دنوں کی بات ہے، نمازی حرمین شریفین میں ضرور نظر آئیں گے۔'
العربیہ نیٹ کے مطابق شیخ عبدالرحمان السدیس کا یہ بیان  ایک ویڈیو کلپ میں سامنے آیا ہے۔

السدیس کے مطابق نمازی حرمین شریفین میں ضرور نظر آئیں گے (فوٹو: عرب نیوز)

اس ویڈیو کلپ میں انہوں نے کہا ہے کہ ' بس تھوڑے دن کی بات ہے جس کے بعد امت پر سے غم کے بادل چھٹ جائیں گے، ہم سب حرم مکی میں طواف اور سعی کریں گے اور مسجد نبوی میں نمازوں کی ادائیگی کے ساتھ عبادت کرتے اور روضہ رسول پر درود و سلام پیش کرتے ہوئے نظر آئیں گے۔'
شیخ السدیس کا مزید کہنا تھا کہ 'اللہ کے حکم سے  تمام عبادات کی ادائیگی ویسے ہی جاری و ساری ہو جائے گی ، ہمارا ملک سعودی عرب صحت و سلامتی والا ماحول قائم رکھنے کا شدید خواہش مند ہے۔'

تمام عبادات کی ادائیگی ویسے ہی جاری و ساری ہو جائے گی (فوٹو: اردو نیوز)

حرم مکی اور مسجد نبوی کے امور کے سربراہ عام کے مطابق 'کورونا وائرس جیسی عالمی وبا سے احتیاطی اقدامات کے تحت نافذ پابندیوں سے آزادی حاصل کرنے میں جلدی نہیں کی جانی چاہیے۔'
دوسری جانب سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر کی گئی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ 'اللہ کے حکم، اس کے بعد حکومت کے دانشمندانہ اقدامات اور متعلقہ اداروں کی جانب سے کی گئی حکمت عملی اور تدابیر پر کاربند رہنے کے سبب حرم مکی اور مسجد نبوی کو دوبارہ کھول دیا جائے گا۔'
'دنیا بھر کے لوگ پیغمبر اسلام کی مسجد میں لوٹ آئیں گے۔ مسلمانوں کے جذبات ہمارے ساتھ ہیں اور تمام مسلمانوں کی ہر جگہ سے ہمیں سپورٹ حاصل ہے۔'

حرم مکی اور مسجد نبوی کو دوبارہ کھول دیا جائے گا (فوٹو: عرب نیوز)

دریں اثنا عرب نیوز میں شائع ہونے والی خبر کے مطابق 'دونوں مساجد جدید ترین اوزون ٹیکنالوجی کی مدد سے جراثیم کش بنائی جا رہی ہیں۔'
مسجد الحرام اور مسجد نبوی کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیح عبدالرحمان السدیس کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں مساجد کی صفائی کا یہ کام انجام دیا جا رہا ہے۔

احتیاطی اقدامات کے تحت نافذ پابندیوں پرکاربند رہنا ضروری تھا (فوٹو: عرب نیوز)

مساجد کی جنرل پریذیڈنسی نے اعلان کیا ہے کہ نمازیوں کی صحت اور ہر قسم کی احتیاطی تدابیر کے تحت اس جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
مساجد کے ائیرکنڈیشنگ سسٹم میں اوزون ٹیکنالوجی سے  مزین آلات نصب کئے گئے ہیں اور فرش اور قالینوں کو خصوصی طور پر جراثیم سے محفوظ بنایا جا رہا ہے۔
اوزون ٹیکنالوجی سے صفائی سے مائیکرو جرثوموں کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔

شیئر: