کرفیو پاس میں درج مقصد کے علاوہ اس کا استعمال خلاف ورزی ہو گی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں ادارہ امن عامہ کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ کرفیو پاس جن مقاصد کے لیے جاری کیا گیا ہے ان کے علاوہ اس کا استعمال خلاف ورزی میں شمارہو گا۔
ادارہ امن عامہ کی جانب سے کرفیو پاس کے استعمال کے بارے میں بنائی گئی مختصر ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اگر کسی کو کرفیو پاس میں درج مقصد کے علاوہ استعمال کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے گا تو اس پر کرفیو خلاف ورزی ریکارڈ کی جائے گی جس پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جاتا ہے.
ویب نیوز عاجل کے مطابق مملکت کے مختلف شہروں میں کورونا وائرس سے بچاو کے لیے کرفیو نافذ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو اس وبا سے زیادہ سے زیادہ حد تک محفوظ رکھا جاسکے.
کرفیو کے اوقات میں مختلف اداروں کے ملازمین کے لیے خصوصی پاسز جاری کیے گئے ہیں جن میں ان کے گھر اور کام کرنے کی جگہ کی وضاحت کی گئی ہے.
قانون نافذ کرنے والے ادارے کی جانب سے اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ وہ افراد جنہیں کرفیو پاس مخصوص مقاصد کے لیے جاری کیے گئے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ مقررہ کام کےعلاوہ کسی اور مقصد کے لیے پاس استعمال نہ کریں تاکہ خلاف ورزی سے بچ سکیں۔
ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری ویڈیو پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’ آپ کی حفاظت ہمارے لیے مقدم اور امن ہمار فرض ہے ‘.
پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ مقامی قوانین کا احترام کرنا ہر ایک کا فرض ہے.
واضح رہے قبل ازیں کرفیو پاس ہر ادارہ اپنے کارکنوں کو جاری کرتا تھا جس میں ادارے کے لیٹر پیڈ پر کارکن کے بارے میں معلومات درج کرنے کے بعد لیٹر کو چیمبرآف کامرس سے تصدیق کرایا جاتا تھا.
وزارت داخلہ کی جانب سے مملکت کی سطح پرمخصوص پاس جاری کیا تاکہ سیکیورٹی اہلکاروں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے.