Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'جب نیچے پہنچے تو پوری عمارت آگ کی لپیٹ میں تھی'

سعدی عباس نے بتایا کہ فی الحال وہ شارجہ کے ایک مقامی ہوٹل میں مقیم ہیں (فوٹو:سوشل میڈیا)
شارجہ میں جس 48 منزلہ عمارت میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا اس کے ایک اپارٹمنٹ میں پاکستان کے کراٹے چیمپیئن سعدی عباس بھی مقیم تھے تاہم وہ محفوظ رہے۔
سعدی عباس نے بدھ کو صبح 4 بجے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بلند و بالا عمارت سے آگ کے شعلے بلند ہو رہے ہیں۔
سعدی عباس نے اس ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ 'میں اپنا اپارٹمنٹ کھو چکا ہوں لیکن اللہ کا شکر ہے کہ میں اور میری اہلیہ محفوظ ہیں۔'

پاکستان کے ٹاپ کراٹے پلیئر سعدی عباسی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ان کا اپارٹمنٹ 38ویں منزل پر واقع ہے۔ 'جب فائر الارم بجا تو میں اور میری اہلیہ فوراً باہر نکل کر نیچے کی طرف بھاگے۔'
انہوں نے بتایا کہ 'ہمارا خیال تھا کہ معمولی سی آگ بھڑکی ہوگی اور ہم کچھ ہی دیر بعد واپس اوپر اپنے اپارٹمنٹ میں آجائیں گے مگر جب نیچے پہنچے تو پوری عمارت ہی آگ کی لپیٹ میں تھی۔'
ان کے بقول 'الحمدللہ ہم وقت پر باہر نکل آئے لیکن میری گاڑی جو عمارت کے نیچے ہی کھڑی تھی وہ جل گئی اور ہمارا سامان اپارٹمنٹ میں ہی رہ گیا ہے۔'

سعدی عباس نے بتایا کہ 'میری گاڑی جو عمارت کے نیچے ہی کھڑی تھی وہ جل گئی ہے اور ہمارا سامان اپارٹمنٹ میں ہی رہ گیا ہے' (فوٹو:سوشل میڈیا)

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ فی الحال مقامی ہوٹل میں مقیم ہیں۔
سعد عباس کا تعلق کراچی کے علاقے لیاری سے ہے اور وہ کئی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
انہوں نے گذشتہ سال دسمبر میں نیپال میں جاری ساؤتھ ایشین گیمز میں کراٹے کے مقابلوں میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ 
عباس نے 2017 میں ہونے والی ساوتھ ایشین چیمپیئن شپ میں گولڈ میڈل جیتا تھا جبکہ 2014 میں یو ایس کراٹے اوپن چیمپیئن شپ میں تاریخی فتح حاصل کی تھی۔
وہ متحدہ عرب امارات کے ال اہلی کلب کے لیے کھیلتے رہے ہیں اور شارجہ میں مقیم ہیں۔   
سعد سوشل میڈیا پر اپنی قرنطینہ زندگی کے دوران گھر میں ٹریننگ کے حوالے سے گاہے بگاہے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے رہتے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے اظہار ہمدردی کر رہے ہیں۔

جنید اکرم نامی صارف نے لکھا کہ 'اگر آپ کو مشکل کی اس گھڑی میں کسی بھی قسم کا تعاون درکار ہو تو مجھے ضرور بتائیے گا۔ اپنا خیال رکھیے۔'

ایک اور صارف نورینہ شمس نے لکھا کہ 'یہ بہت افسوسناک ہے۔ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ دونوں خیریت سے ہیں۔'

ندا خان نامی ٹوئٹڑ صارف نے لکھا کہ 'مجھے آپ کے گھر کے نقصان کے لیے افسوس ہے۔ یہ جان کر خوشی ہوئی کہ آپ اور آپ کی اہلیہ محفوظ ہیں۔ میں گذشتہ رات سے یہ سوچ کر پریشان ہو رہی ہوں کہ ان حالات میں جب ایک وبا کا سامنا ہے اور رمضان کا مہینہ چل رہا ہے، اب اس عمارت کے رہائشی کیا کریں گے۔'

ایک اور صارف ناصر تونگ نے لکھا کہ 'آپ کے مالی نقصان کا بہت افسوس ہوا لیکن یہ اچھا ہے کہ آپ اور آپ کا خاندان محفوظ رہا۔'

شیئر: