Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کیجانب سے عراقی وزیر اعظم کو مبارکباد

سعودی عرب برادر ملک عراق کے  ساتھ کھڑا ہے(فوٹو،ایس پی اے)
 سعودی عرب نے مصطفی الکاظمی کی قیادت میں بننے والی عراق کی نئی حکومت کا خیر مقدم کرتے ہوئے  امید ظاہر کی ہے کہ الکاظمی عراق کی خودمختاری اور امن و استحکام سے متعلق عراقی بھائیوں کی امنگوں پر پورے اتریں گے-
سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سعودی دفتر خارجہ نے جمعرات کو بیان جاری کرکے یقین دلایا کہ سعودی عرب برادر ملک عراق کے  ساتھ کھڑا ہے اور باہمی تعاون، احترام، تاریخی رشتوں اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر عراق کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہے-
تمام شعبوں میں دونوں ملکوں اور ان کے برادر عوام کے رشتوں کو مضبوط بنائیں گے اور بیرونی مداخلت سے بالاتر رہتے ہوئے خطے کے امن و استحکام کی مہم میں بھرپور تعاون کیا جائے گا-

الکاظمی عراقی بھائیوں کی امنگوں پر پورے اتریں گے-(فوٹو، سوشل میڈیا)

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے نئی حکومت کی تشکیل اور عراقی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے پر عراق کے نئے وزیراعظم مصطفی  الکاظمی کو مبارکباد پیش کردی-
شاہ سلمان نے  اپنے پیغام میں الکاظمی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کی قیادت میں نئی حکومت کی تشکیل اور عراقی پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے پر میں سعودی عوام و حکومت اور خود اپنی جانب سے آپ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ہماری نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں-
ہماری دعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو عراق اور اس کے برادر عوام کی صلاح و فلاح کی توفیق عطا کرے‘-
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی الکاظمی کو مبارکباد پیش کی اور عراق اور اس کے برادرعوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی آرزو ظاہر کی-
اخبار 24 کے مطابق عراق کے نئے وزیراعظم مصطفی الکاظمی نے  255 ارکان پارلیمنٹ کی موجودگی میں جمعرات کو حلف اٹھالیا-
الکاظمی نے پارلیمنٹ سے اعتماد کا ووٹ ملنے پر اپنے خطاب میں کہا کہ نئی حکومت بحرانوں کی نہیں بلکہ انہیں حل کرنے والی حکومت ہوگی-
عراقی وزیراعظم نے یقین دلایا کہ عراق کو میدان جنگ بنانے کی اجازت نہیں دی جائے گی- انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہتھیار  ریاستی اداروں اور مسلح افواج کے قبضے میں ہوں گے-
الکاظمی نے کہا کہ ان کی حکومت قبل از وقت شفاف انتخابات کرانے کا ارادہ رکھتی ہے-  عرب ممالک، پڑوسیوں اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور اخوت کے رشتے استوار کیے جائیں گے-
 
 

شیئر: