دنیا میں کورونا متاثرین کی تعداد 40 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا رہی ہے، لیکن کورونا وائرس کا زور نہیں ٹوٹ رہا بلکہ متاثرین اور اموات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق 'عالمی وبا سے دنیا بھر میں مرنے والے افراد کی تعداد دو لاکھ 75 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ 40 لاکھ زائد لوگ متاثر ہوئے ہیں۔'
دوسری طرف امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق 'فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے ادارے نے وائرس کی فوری تشخیص کے لیے نئے ’اینٹی جن ٹیسٹ‘ کی ہنگامی بنیاد پر منظوری دے دی ہے۔'
اس نئے ٹیسٹ کا سیمپل ناک سے لیا جاتا ہے اور اس سے فوری طور پر وائرس کے اوپر اور اس کے اندر پروٹین کا پتا لگا لیا جاتا ہے۔
یہ اینٹی جن ٹیسٹ کائڈل کارپورشن نامی کمپنی نے تیار کیا ہے اور اس کے ذریعے منٹوں میں وائرس کی تشخیص ہو جاتی ہے۔
ایف ڈی اے نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ یہ ٹیسٹ ’کورونا وائرس کے خلاف کی جانے والی کوششوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ دیگر ٹیسٹس کے مقابلے میں اس کا خرچ بہت کم ہے، اور اگر دوسری کمپنیاں بھی سامنے آتی ہیں تو اس سے ’روزانہ لاکھوں امریکیوں کے ٹیسٹس کیے جا سکتے ہیں۔‘
دوسری جانب اگر دنیا میں ہونے والی ہلاکتوں کو دیکھا جائے تو اے ایف پی کے مطابق 'کورونا وائرس سے ہونے والی 85 فیصد ہلاکتیں یورپ اور امریکہ میں ہوئی ہیں۔'
امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق 'امریکہ میں متاثرین کی تعداد 13 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے جبکہ 77 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔'
اموات کے لحاظ سے یورپ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں ایک لاکھ 54 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں اور کیسز کی مجموعی تعداد 17 لاکھ ہو چکی ہے۔
برطانیہ نے بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کو 14 روز کے لیے لازمی قرنطینہ میں رکھنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
واضح رہے کہ برطانیہ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا دوسرا ملک ہے جہاں 31 ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں اور متاثرین کی تعداد دو لاکھ سے زیادہ ہے۔
یورپ کو دیکھا جائے تو اٹلی میں 30 ہزار افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دو لاکھ 17 ہزار سے زائد متاثرین ہیں۔
سپین میں 26 ہزار 478 اور فرانس میں مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار 230 ہو چکی ہے۔
روئٹرز کے مطابق 'سپین میں پیر کو ملک کی تقریباً آدھی آبادی لاک ڈاؤن سے آزاد ہو جائے گی۔ لوگوں کو اپنے صوبے کے دیگر حصوں میں جانے کے علاوہ تھیٹر اور کنسرٹ میں جانے کی بھی اجازت ہو گی، اور 10 سے زیادہ افراد بھی اکٹھے ہو سکیں گے۔'