Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانیوں کی واپسی، مزید چھ خصوصی پروازیں چلیں گی

پروازوں سے مزید 1500 پاکستانی وطن جائیں گے.(فوٹو سوشل میڈیا)
سعودی عرب سے پاکستانیوں کی واپسی کے لیے مزید چھ خصو صی پروازوں کے شیڈول کا اعلان کیا گیا ہے.
 ریاض، جدہ ،مدینہ منورہ اور دمام سے چلائی جانے والی پروازوں سے مزید 1500 پاکستانی وطن جائیں گے.
پاکستان کی منسٹری آف نیشنل ہیلتھ سروسز ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کی ویب سائٹ پر جاری شیڈول کے مطابق جمعرات 14 مئی کو 250 افراد کو لے کر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز(پی آئی اے )کی پرواز ریاض سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی.
جدہ سے پی آئی اے کی پرواز پیر18مئی کو250 مسافروں کو لے کرفیصل آباد جائے گی جبکہ جمعرات 21 مئی کو دمام سے اسلام آباد کے لیےخصوصی پرواز چلائی جائے گی. اس پرواز سے بھی 250 پاکستانی واپس جائیں گے.ہفتہ 16 مئی کو پی آئی اے کی پرواز مدینہ منورہ سے 250 افراد کولے کر کراچی کے لیے روانہ ہوگی.
سعودی ائیرلائنز کی دو خصوصی پروازیں17 اور 21 مئی کو پشاور اور ملتان کے لیے شیڈول ہیں.
سرکاری ویب سائٹ پر درج ہدایت کے مطابق کورونا وائرس کی صورتحال کے باعث پروازوں کے شیڈول میں کسی پیشگی نوٹس کے بغیر تبدیلی کی جا سکتی ہے.
 ریاض میں پاکستانی سفارتخانے سے جاری بیان کے مطابق جمعرات 14 مئی کو پی آئی اے کی خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستانیوں کی وطن واپسی کا اہتمام کیا گیا ہے.
ایمرجنسی ، طبی امور، اقامے کی میعاد ختم ہونے اور خروج  نہائی والے افراد کو ترجیح دی گئی ہے.

سفیر پاکستان نے اس مشکل وقت میں تعاون پر شہریوں کا شکریہ ادا کیا ہے.(فوٹو سوشل میڈیا)

سفیر پاکستان راجہ علی اعجاز نے کہا ہے کہ سفارتخانہ  ٹکٹوں کی آسانی سے فروخت کے ساتھ اپنے پاکستانی بھائیوں کی فلاح و بہبود ، محفوظ اور جلد از جلدوطن واپسی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے.
سفیر پاکستان خصوصی پرواز کے لیے ٹکٹوں کی خریداری کے لیے آنے والے پاکستانیوں سے گفتگو کررہے تھے.
 راجہ علی اعجاز  نے اس مشکل وقت میں تعاون اور فہم و فراست کا مظاہرہ کرنے پر اپنے شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا ہے .
  یاد رہے کہ 15 مارچ 2020 کو سعودی عرب میں فلائٹ آپریشن معطل ہونے کے بعد ریاض سے یہ پاکستانیوں کو واپس لے جانے والی یہ دوسری پرواز ہوگی. 

اس وقت 30 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں.(فوٹو سوشل میڈیا)

یکم مئی کو پی آئی اے کی دو خصوصی پروازیں 500 سے زائد پاکستانیوں کو لے کر لاہور اور اسلام آباد  پہنچی تھیں.
 سفارتخانے کے ذرائع  کے مطابق سعودی عرب میں اس وقت 30 ہزار سے زائد پاکستانی وطن واپسی کے خواہشمند ہیں.
اس سے قبل پاکستانی سفارتخانے نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام  کے لیے لگائی گئی فضائی پابندیوں سے متأثر ایسے پاکستانی افراد اور خاندان جن کے ویزوں کی میعاد ختم ہو رہی ہے اور وہ وطن واپس جانا چاہتے ہیں وہ اپنے کوائف فراہم کریں تاکہ سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے متعلقہ اداروں کو آگاہ کرکے ان کی جلد وطن واپسی کے لیے اقدامات کیے جا سکیں۔
کوائف کے مطابق جن کیٹیگریز کے لوگ پاکستان جانا چاہتے ہیں ان میں ایسے افراد شامل ہیں جن کا خروج نہائی لگا ہوا ہے یا فیملی، ورک اور بزنس ویزے پر موجود افراد اور اقامہ ہولڈرز جن کا کسی ایمرجنسی کے باعث جانا ضروری ہے۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: