چاند نظرآگیا، پاکستان میں عید الفطر اتوار کو ہوگی
چاند نظرآگیا، پاکستان میں عید الفطر اتوار کو ہوگی
ہفتہ 23 مئی 2020 20:28
مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت اجلاس چار گھنٹے تک جاری رہا(فوٹو سوشل میڈیا)
پاکستان میں شوال کا چاند نظر آگیا. عیدالفطراتوار 24 مئی کو ہوگی.
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہفتے کو محکمہ موسمیات کے کراچی کے دفتر میں مفتی منیب الرحمٰن کی زیر صدارت چار گھنٹے سے زائد دیر تک جاری رہا .
اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے اراکین کے علاوہ تیکنیکی معاونت کے لیے سپارکو اورمحکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک تھے.
ملک کے دیگر صوبوں میں رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے جہاں سے شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجی گئیں.
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ’پاکستان میں بیشتر مقامات پر مطلع صاف تھا. پسنی اور چمن سے چاند دیکھے جانے کی اطلاعات موصول ہوئیں دیگر مقامات سے بھی چاند دیکھے جانے کی شہادتیں ملی ہیں.‘
انہوں نے کہا کہ چمن میں رویت ہلال کمیٹی کے ممبرحافظ محمد یوسف نے بتایا کہ ’ ہمارے ساتھ اعتکاف میں بیٹھے پندرہ افراد نے چاند دیکھا.پسنی میں مولانا فقیر محمد نے بتایا جم غفیر نے چاند دیکھا ہے جس میں وہ خود شامل ہیں‘.
مفتی منیب الرحمٰن کے مطابق’ شہادتیں موصول ہونے پر انہیں جج کرنے اور تمام پہلووں پر غور کرنے میں وقت لگا. فیصلہ کیا گیا کہ آج شوال 1441ھ کا چاند نظر آگیا عید الفطر اتوار 24 مئی کو ہوگی‘.
قبل ازیں پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے رویت ہلال کمیٹی سے پہلے ہی عیدالفطر کی پیش گوئی کی تھی.
صحافیوں سے گفتگو میں فواد چودھری نےکہا ہے تھا کہ قمری کیلنڈر کے حساب سے اتوار 24 مئی کو عید ہوگی.
ان کا کہنا تھا کہ مفتی منیب الرحمان اورمفتی پوپلزئی الگ الگ راستے پرکھڑے ہیں۔ ’چاند کسی کے کہنے پر اپنا مدار تبدیل نہیں کرتا۔ ایسی صورت میں رویت ہلال کمیٹی کی کوئی عملی اہمیت باقی نہیں ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ سائنس کے جدید دور میں رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیر سائینس نے بتایا کہ اس دفعہ کلینڈر کے مطابق عید 24 مئی کو ہوگی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ پوری دنیا میں 24 تاریخ کو عید ہوگی۔