سڑک کی خرابی پر گاڑی کے نقصان کا معاوضہ ملے گا؟
نقصان اور اسباب کی رپورٹ تیار کرائی جائے۔(فوٹوٹئر)
سعودی وزارت نقل و حمل نے واضح کیا ہے کہ جس کسی کی گاڑی کو سڑک کی خرابی کی وجہ سے کوئی نقصان پہنچا ہو یا گاڑی کا کوئی حصہ ٹوٹ پھوٹ گیا ہو تو وہ نقصان کی تلافی کراسکتا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب مں شہری اور مقیم غیر ملکیوں نے استفسار کیا تھا کہ اگر ان کی گاڑی کو سڑک کی خرابی کی وجہ سے کوئی نقصان پہنچا ہو تو وہ اس کا معاوضہ کہاں سے اور کس طرح حاصل کرسکتے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نقل و حمل نے وضاحت میں کہا کہ اگر سڑک کی خرابی کی صورت میں گاڑی کو نقصان پہنچے تو جائے وقوعہ کے قریب محفوظ جگہ پر گاڑی پارک کردی جائے۔
ایسی جگہ گاڑی کھڑی نہ کی جائے جس سے ٹریفک معطل ہوتا ہو پھرٹریفک پولیس یا روڈ سیکیورٹی فورس سے رابطہ کرکے گاڑی کو پہنچنے والے نقصان اور اسباب کی رپورٹ تیار کرائی جائے۔
وزارت کے مطابق ٹریفک پولیس کا سیکیورٹی فورس کی رپورٹ متعلقہ علاقے میں وزارت نقل و حمل کے آفس میں جمع کرائی جائے۔
وزارت کے افسران رپورٹ کی بنیاد پر متعلقہ ٹھیکیدار سے نقصان کا معاوضہ دلائیں گے۔