یو اے ای میں نئی تھری ڈی زیبرا کراسنگ
راس الخیمہ ٹریفک پولیس نے ٹریفک میں بہتری اورپیدل چلنے والوں کیلئے ”تھری ڈی زیبرا کراسنگ “ تیار کیا ہے
راس الخیمہ میں ٹریفک پولیس نے ٹریفک میں بہتری اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کے لیے ایک نئی زیبرا کراسنگ متعارف کرائی ہے جسے ”تھری ڈی واک وے“ کا نام دیا گیا ہے۔
گلف نیوز اور خلیج ٹائمز کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر احمد السام النقبی نے کہا کہ نئی زیبرا کراسنگ کا مقصد سڑک پر تیز رفتاری سے آنے والی گاڑیوں کی رفتار کو کنٹرول کرنا ہے۔
النقبی نے مزید کہا کہ یہ اہم سڑک ہے اور خاص طور پر یہاں شام کے وقت پیدل چلنے والوں کا خاصا رش ہوتا ہے اس لیے یہ تھری ڈی واک وے بنایا گیا ہے جسے ”سمارٹ واک وے“ بھی کہا جا سکتا ہے۔
امارات روڈ سیفٹی کے اعدادوشمار کے مطابق سڑکوں پر 18 فیصد ہلاکتیں ان افراد کی ہوتی ہیں جو دوڑ کر سڑک پار کرنے کی کوشش میں حادثے کا شکار ہو جاتے ہیں۔
زیبرا کراسنگ کے قریب گاڑی کیسے چلائی جائے؟
٭ جب آپ زیبرا کراسنگ کے قریب آتے ہیں تو بہت محتاط اور خیال رکھنے والے ڈرائیور کے طور پر اپنی ذمہ داری نبھائیں۔
٭ یہ مت بھولیں کہ جب آپ کار سے باہر آئیں گے اور سڑک پر ہوں گے تو آپ بھی انہی پیدل چلنے والوں میں شامل ہوں گے اور آپ کی بھی اس وقت خواہش ہوگی کہ ڈرائیور گاڑیاں آہستہ چلائیں۔
٭ اگر آپ کے پیچھے ٹریفک ہے تو آپ انہیں آپ اپنی گاڑی کی لائٹس کے ذریعے متنبہ کر سکتے ہیں۔
٭ اگر آپ زیبرا کراسنگ پر پہنچ کر دیکھیں کہ سڑک پر پیدل چلنے والے موجود ہیں تو انہیں جانے کا راستہ فراہم کریں۔