Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برداشت اور مہربانی کے جذبوں کو کیا ہوا؟

صنم سعید نے سوشل میڈیا کے اثرات سے محفوظ رہنے کی تجویز دی (فوٹو: سوشل میڈیا)
کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے دوران معمولات متاثر ہوئے تو پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر حصوں کے مکینوں کو گھروں پر زیادہ وقت گزارنے کا موقع ملا۔ بہت سے افراد نے اس مرحلے کو اپنے پیاروں کے ساتھ اچھا وقت گزارنے کی سہولت کے طور پر دیکھا جب کہ کچھ مختلف زاویے سے بھی دیکھتے رہے۔
پاکستانی اداکارہ صنم سعید نے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن میں گزرے وقت کو اپنی حالیہ سوشل میڈیا سرگرمی کا موضوع بنایا۔ اس دوران وہ لاک ڈاؤن میں کیا کھویا کیا پایا کے معیار پر چیزوں کو پرکھتی پائی گئیں۔
انہوں نے انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی گفتگو کا آغاز مسلسل سوالوں سے کیا تو لکھا کہ ’ہر چیز میں اچھا دیکھنے کی خواہش کو کیا ہوا؟ خود کو بہتر کرنے کے لیے کیا کوششیں کیں؟ عمل سے پہلے اپنی نیتوں کو پرکھنے، احساس زندہ رکھنے، امن، برداشت اور مہربانی کے جذبوں کو کیا ہوا؟

انگریزی میں طویل پوسٹ کے اختتام پر اردو نہ لکھنے پر معذرت چاہنے والی ’زندگی گلزار ہے‘ سٹار صنم سعید نے سوالوں کا سلسلہ ختم کیا تو لکھا کہ ’قرنطینہ میں رہ کر خود کو بہتر کرنے اور تبدیلی دکھا سکنے کے بجائے ہمارے اندر سے خراب ترین کیفیات باہر آ رہی ہیں‘۔
35 سالہ اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’دوسروں کی فکر کرنا چھوڑیں، کسی فرد یا موضوع کو ڈھونڈ کر اس پر حملہ آور ہونا چھوڑیں۔ آئیں الزامات کے کھیل سے دور ہوں اور مقابلہ بازی کے بجائے زندگی کو انجوائے کریں۔ ہم میں سے جو زندہ اور خیریت سے ہیں وہ اس پر شکر ادا کریں، زندگی میں بہت سے مواقع ملنے پر شکرگزار ہوں۔‘
تین سالہ مختصر ازدواجی زندگی کے خاتمے کے بعد بھی اداکاری جاری رکھنے والی صنم سعید نے اپنی گفتگو کا رخ سوشل میڈیا کی طرف موڑتے ہوئے لکھا کہ ’سوشل میڈیا کو اجازت نہ دیں کہ وہ آپ کی رائے بنائے۔ پیچھے رہ جانے کے احساس اور دوسروں سے متعلق رائے قائم کرتے ہوئے وقت نہ گزاریں، یہ تمام چیزیں آپ کو اپنے مقاصد سے دور کرتی ہیں‘۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ’آپ کے عقائد آپ کے خیالات بناتے ہیں، جو آپ کے عمل میں ڈھلتے اور پھر نتائج پیدا کرتے ہیں۔ ان اندرونی نظاموں اور رہنما قوتوں کو غیر ضروری چیزوں کے ہاتھوں ضائع نہ ہونے دیں۔ ایک دوسرے سے متعلق کینے اور شرارت کے بجائے اچھائی بھرا رویہ اپنائیں۔
ادکاری و ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی قسمت آزمائی کرنے والی صنم سعید نے معمول سے ہٹ کر پوسٹ کی وجہ کی نشاندہی بھی کی۔ انہوں نے لکھا کہ ان احساسات اور خیالات کو آج آپ تک پہنچانے کی خواہش تھی جسے پورا کر رہی ہوں۔

انسٹاگرام پوسٹ کے چند گھنٹوں بعد صنم سعید نے ٹوئٹر پر اپنی دو الگ الگ ٹویٹس میں کورونا وائرس کی صورت حال پر گفتگو کی۔ کراچی کے دو بڑے ہسپتالوں کی جانب سے مزید مریضوں کے لیے گنجائش نہ ہونے کے نوٹس بورڈز کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے اپیل کی کہ بنیادی احتیاطوں پر لازماً عمل کریں۔
صنم سعید کے پیغام کو سراہنے والے صارفین کی اکثریت کے ساتھ ان کی شخصیت اور پرفارمنس کو پسند کرنے والوں نے بھی جوابی تبصروں میں اداکارہ کے خیالات کو سراہا۔
عین عائشہ نامی صارف نے اچھا خیالات کے اظہار پر صنم سعید کا شکریہ ادا کیا تو کچھ صارفین نے خوبصورت چہرے کی جانب سے خوبصورت الفاظ کے استعمال پر بھی ان کی ستائش کی۔

شیئر: