Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جرمن سفیر سائیکل پر پاکستان کی سڑکوں پر؟

سوشل میڈیا پر اس وقت پاکستان میں جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک کی ایک ویڈیو کو کافی پسند کیا جا رہا ہے (فوٹو:سوشل میڈیا)
ایک وقت تھا کہ جب سائیکل سب سے زیادہ مقبول سواری سمجھی جاتی تھی، یہ ایسی ماحول دوست سواری تھی جو نہ تیل پھونکتی تھی نہ دھواں چھوڑتی تھی۔ 
پھر آہستہ آہستہ سائیکل کی جگہ موٹر سائیکل اور گاڑی نے لے لی اور یوں سائیکل کا استعمال کم ہوتا چلا گیا۔
موٹرسائیکلوں اور جدید گاڑیوں کے دور میں شاید کسی کو بھی یاد نہ رہتا کہ آج سائیکل کا عالمی دن ہے مگر جرمن سفیر نے پاکستان کی سڑکوں پر سائیکل چلا کر اس قدیم سواری کو ایک بار پھر مقبول بنانے کی اپنی سی کوشش کی ہے۔

سوشل میڈیا پر اس وقت پاکستان میں جرمن سفیر برن ہارڈ شلیگ ہیک کی ایک ویڈیو کو کافی پسند کیا جا رہا ہے جس میں وہ اپنی سائیکل پر سوار ہو کر دفتر خارجہ جا رہے ہیں۔
جرمن سفیر نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'آج سائیکل کا عالمی دن ہے۔ میں اپنی 80 سال پرانی سائیکل پر تازی ہوا کا لطف اٹھاتے ہوئے دفتر خارجہ جا رہا ہوں۔
اس کے ساتھ انہوں نے سائیکل کی افادیت بیان کرتے ہوئے لکھا کہ 'سائیک چلانا ایک تفریح بھی ہے اور صحت کے لیے مفید بھی۔ جسمانی طور پر متحرک رہنے سے قوت مدافعت بھی مضبوط ہوتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس ویڈیو کو متاثرکن قرار دیا ہے۔ نثار مونگیا نامی صارف نے لکھا کہ 'جرمنی کی طرح پاکستان میں بھی سائیکل چلانے کی روایت کو فروغ دینے کے لیے اقدامات کریں۔'

ایک اور صارف نقی رحمان نے لکھا کہ 'پاکستان کے رہنما اور بیوروکریٹس سائیکل پر سفر میں شرم محسوس کرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس ملک نے حقیقی معنوں میں ترقی نہیں کی۔'

علی حسن بھٹی نامی صارف نے لکھا کہ 'یورپیئنز سائیکل پر سفر کرنا پسند کرتے ہیں لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں یہ روایت نہیں ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ کو دیکھ کر پاکستان کے عوام بھی سائیکل چلانا شروع کریں گے۔'

 
ایک اور صآرف ارسلان حیات نے لکھا کہ 'شاندار پیغام' انہوں نے ساتھ یہ سوال بھی کیا کہ 'کیا سائیکل چلانے کے لیے رفتار کی کوئی حد بھی مقرر ہے کیونکہ ایسا لگ رہا ہے کہ آپ بہت تیز چلا رہے ہیں۔'

پاکستان شیخ کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے ان کی سائیکل پر لگے پاکستانی جھنڈے کی نشاندہی کرتے ہوئے لکھا کہ 'پاکستانی جھنڈے کے لیے شکریہ۔ برائے مہربانی اس جھنڈے کو سائیکل کے آگے لگائیں۔'

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا نے سائیکل کی سواری کو وقت کی ضرورت بنا دیا ہے اور اب دنیا کے کئی ممالک میں لوگ سماجی دوری کو اپناتے ہوئے گاڑی کے بجائے اسی سواری کو سفر کا ذریعہ بنا رہے ہیں۔ 

شیئر: