باحہ اور عسیر ریجن میں منگل کو بارش کی اطلاعات ہیں۔(فوٹو عاجل)
سعودی محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بدھ 10 جون سعودی عرب کے آٹھ علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے بیان میں کہا کہ مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور تبوک میں گرد آلود ہواؤں سے حد نظر محدود ہوجائے گی۔
الجوف اور حدودشمالیہ کے متعدد علاقے بھی آندھی سے متاثر ہوں گے۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ ان علاقوں میں آسمان ابر آلود رہے گا۔ کہیں کہیں بارش کا ماحول جزوی طورپر ہوگا جبکہ جازان ، عسیر اور باحہ کے پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش کے بڑے آثار ہیں۔
بیان کے مطابق بحیرہ احمر میں ہوائیں شمال مغرب سے شمال کی طرف 42 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے چلیں گی اور 2 میٹر تک اونچی لہریں اٹھیں گی۔
دریں اثنا باحہ ریجن اور اس کی متعدد کمشنریوں نیز عسیر ریجن اور اس کی کئی کمشنریوں سے منگل کو بارش کی اطلاعات ہیں۔
بعض مقامات پر درمیانے درجے کی بارش ہوئی جبکہ کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش رات 8 بجے تک ہوتی رہی۔
عسیر ریجن میں ژالہ باری بھی کی اطلاعات ہیں۔عسیر سے ملنےوالی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارش سے قبل ابہا، الحرجہ، خمیس مشیط اور رجال المع میں گرد آلود ہوائیں بھی چلتی رہیں۔