صحت و سلامتی کے لیے مقرر ضوابط کا خیال رکھنا ہوگا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
دبئی میں فروغ افرادی قوت و تعلیم نے نجی سکول ستمبر 2020 سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیصلہ آئندہ تعلیمی سال 2021- 2020 کی تیاریوں پر بحث کے لیے منعقدہ آن لائن اجلاس میں کیا گیا۔
لامارات الیوم کے مطابق پرنسپلز کونسل کے سربراہ عبداللہ الکرم نے اجلاس میں کہا کہ ہم سب مل کر طلبہ کے مفاد میں کام کرتے رہیں گے۔ ’جلد ہی سب محسوس کریں گے کہ ہمارے سکول نئے تعلیمی سال میں پہلے سے مختلف ہوں گے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ، اساتذہ اور دفتری کارکنان کو سب کی صحت و سلامتی کے لیے مقرر ضوابط کا پوری طرح سے خیال رکھنا ہوگا۔
اس موقع پر پرنسپلز نے کہا کہ وبا کے دوران ہر سکول نے اپنے انداز سے مختلف تجربے کیے ہیں ان کا تبادلہ سب کے مفاد میں ہوگا۔
یاد رہے کہ دبئی میں 209 پرائیویٹ سکول کام کررہے ہیں اور یہ 16 مختلف تعلیمی کورس پڑھا رہے ہیں ۔ نجی سکولوں میں تین لاکھ کے لگ بھگ طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں۔
دریں اثنا متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ نے سینما گھر، شادی ہال، تفریحی مراکز، کمپیوٹر گیمز اور سپورٹس سینٹرز بدھ سے بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ نئے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی تدابیر کی پابندی کے ساتھ یہ سارے ادارے کھولے جاسکتے ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق سرکاری ہدایت نامے میں یہ بھی کہا گیا کہ بدھ 24 جون سے سپورٹس گیمز سینٹرز حفاظتی تدابیر کی پابندی کےساتھ کھولے جاسکتے ہیں۔
سینما گھر اور شادی ہالز سمیت تمام تفریحاتی ادارے 50 فیصد گنجائش کے ہی دائرے میں شائقین اور صارفین کو آنے کی اجازت دیں۔
سماجی فاصلے کا دھیان رکھیں خصوصا ٹکٹ کاؤنٹر پر بھیڑ بھاڑ نہ ہو۔ صارفین کو آن لائن ٹکٹ لینے کی ترغیب دی جائے۔
راس الخیمہ کی حکومت نے یہ پابندی بھی لگائی ہے کہ ویٹنگ روم بند کردیے جائیں اور سینما گھروں، شادی گھروں اور تفریحاتی مراکز کے اندر کسی اور سرگرمی کی اجازت نہ دی جائے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ تمام ورکرز حفاظتی ماسک اور دستانے ہر وقت پہنے رہیں۔ سینیٹائزنگ کی پابندی کی جائے۔ ٹکٹ کاؤنٹر کو سینیٹائز کیا جائے۔ ہر گھنٹے پر ٹکٹوں کی خود کار مشینوں کو بھی سینیٹائز کیا جائے۔