Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے ہلاکتیں 4118، اسلام آباد کے دو علاقے ڈی سیل

پاکستان میں دو ماہ تک رہنے والے لاک ڈاؤن کو بتدریج کھولا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے متاثرین کی کل تعداد دو لاکھ سے بڑھ گئی ہے جبکہ ہلاکتوں کی کل تعداد چار ہزار 118 ہو گئی ہے۔
اتوار کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں عالمی وبا کا شکار ہونے والے 92 ہزار 624 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں 83 مریض انتقال کر گئے جبکہ چار ہزار 72 نئے کیسز سامنے آئے۔
پاکستان میں متاثرین کی سب سے زیادہ تعداد صوبہ سندھ میں ہے جبکہ ہلاکتوں کے لحاظ سے صوبہ پنجاب آگے ہے جہاں ایک ہزار 673 مریض موت کا شکار ہوئے۔

 

صوبہ سندھ میں اموات کی تعداد ایک ہزار 243 ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں عالمی وبا کی وجہ سے اب تک 914 مریضوں کی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔
اسلام آباد میں 122 اور بلوچستان میں کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 114 ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انتظامیہ نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سیل کیے گئے علاقوں میں سے جی نائن سیکٹر کے دو سب سیکٹرز کو کھول دیا گیا ہے۔ جی نائن کے کمرشل ایریا کو پیر کو کھولا جائے گا۔
اسلام آباد میں غوری ٹاؤن کے تین فیز اور جی سکس، جی سیون، آئی ایٹ سیکٹرز کے کچھ علاقے تاحال سیل ہیں جہاں کورونا کے زیادہ کیسز سامنے آئے تھے۔
پاکستان میں حکومت نے بڑے شہروں کے ان مخصوص علاقوں میں سیلیکٹڈ لاک ڈاؤن کا فیصلہ گزشتہ ماہ کیا تھا جہاں کورونا کے زیادہ کیسز سامنے آئیں گے۔ اس کو سمارٹ لاک ڈاؤن کا نام دیا گیا ہے۔
کراچی اور لاہور کے کئی علاقوں کو وائرس کے پھیلاؤ کی وجہ سے سیل کیا جا چکا ہے اور پولیس اہلکار شہریوں کو گھروں تک محدود رکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔

شیئر: